وفاقی حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ،ریاض فتیانہ،

کرپشن ،مہنگائی بے روزگاری ،لاقانونیت ،بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے ،سابق صوبائی وزیر

جمعرات 29 جنوری 2015 19:13

ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) سابق صوبائی وزیر ریا ض فتیانہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ،کرپشن ،مہنگائی بے روزگاری ،لاقانونیت ،بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی نائب صدر چوہدری محمد اشفاق کی اقامت گاہ پر پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی و تحصیل عہدیداران کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ، اجلاس کی صدارت ضلعی صدرڈاکٹر وحید اکبر نے کی ،انہوں نے مزید کہا کہ وہ عمران خان کے ویژن سے متاثر ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے ہیں کیونکہ عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستان تحریک انصاف کے ورکر ہیں ،اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کو تحریک انصاف کا قلعہ بنا دیں گے،اس موقع پر صوبائی نائب صدر چوہدری محمد اشفاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دیرینہ خواہش تھی کہ ریاض فتیانہ جیسے منجھے ہوئے سیاست دان تحریک انصاف کا حصہ ہوں ،ان کی شمولیت سے تحریک انصاف مضبو ط ہو گی،موجودہ حکمران ملک کیلئے سیکیورٹی رسک بن چکے ہیں ،کرپٹ اور نااہل حکمرانوں نے غریب عوام سے روٹی کا لقمہ تک چھین لیاہے ،عوام بے روزگاری سے تنگ آکر خودکشیوں پر مجبور ہیں اور ملک سے ضروریات زندگی کی ہر چیز نایاب ہوتی جا رہی ہے ،بجلی گیس کے بعد عوام پٹرول کیلئے خوار ہو ئے ،لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ،عوام ظالمانہ نظام سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلے عمران خان کا ساتھ دیں ،کیونکہ ناقص نظام نے ”بلے“پر مہریں لگانے والوں کو ہرایا ، ناقص جمہوری نظام کے باعث الیکشن میں ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی،اجلاس سے گوجرہ سے تحریک انصاف کے رہنماء اسامہ حمزہ ، چوہدری سعید احمد سعیدی ،سردار خاور شیر خاں گادھی ،ساجدہ آصف کاٹھیہ ،سابق تحصیل ناظمین چوہدری اسد زمان چیمہ ، چوہدری محمود الحسن جٹ ،ضلعی صدر ڈاکٹر وحید اکبر، سینئر نائب صدر عارف جانباز قاضی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :