اقوام متحدہ میں نامزد پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی انجینئر خرم دستگیر خان سے ملاقات،

وفاقی وزیرنے پاکستان کے دنیا میں تجارتی مفادات اور وزارت تجارت کے مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا

جمعرات 29 جنوری 2015 19:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) اقوام متحدہ میں نامزد پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر خان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر نے انھیں پاکستان کے دنیا میں تجارتی مفادات اور وزارت تجارت کے مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا۔ مزید برآں خطے میں پاکستان کے تجارتی تعلقات اور ان میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان امن کے راستے پر گامزن ہے ، پاکستان کے زمینی حقائق اور دنیا میں پاکستان کے تاثر میں بہت فرق ہے ، پاکستان کے کلچر اور پاکستان کی کامیابیوں کی تشہیر کے ذریعے دنیا میں پاکستان کا امن پسند تاثر ابھارنے کی ضرورت ہے ،انھوں نے کہا کہ پاکستان کے سافٹ امیج کا ملکی برآمدات پر مثبت اثر پڑے گا،وزارت تجارت ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک میں عالی شان پاکستان نمائش کا انعقاد کر رہی ہے جس میں کلچر اور تجارت کے امتزاج سے پاکستان کے امن پسند تا ثر کو بڑھانے کی کو شش کی جارہی ہے ،گزشتہ سال بھار ت میں کامیاب نمائش کے انعقاد کے بعد وزارت تجارت عالی شان پاکستان نمائش کو یورپ اور امریکہ لے جائے گی،جس کے پاکستان کے امیج اور برآمدات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔