این جی اوز کے لائسنس کی تجدیدکی آخری تاریخ میں 16فروری تک توسیع

جمعرات 29 جنوری 2015 19:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء)سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے غیر منافع بخش فلاحی تنظیموں (NGOs) کے لائسنسوں کی تجدید کے لئے آخری تاریخ میں سولہ فروری تک توسیع کر دی ہے۔ یہ توسیع این جی او سیکٹر کے شراکت داروں کے مطالبے پر کی گئی۔ اس تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گئی۔ ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کئے سرکلر کے مطابق ‘ ایسی تمام این جی اوز، جنہیں یکم جنوری 2010سے پہلے لائسنس حاصل کئے تھے، کو تاکید کی گئی تھی کہ وہ تیس دن کے اندر اندر اپنے لائسنسوں کی تجدید کے لئے درخواستیں جمع کروائیں۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ دہشت گردی کی روک تھام کے سلسلے میں وزیر اعظم کے حکم پر قائم کی گئی نیشنل ایکشن پلان کی سب کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ کوئی این جی او کسی طرح بھی دہشت گردوں کو سرمائے کی فراہمی میں ملوث نہ ہو۔ اس سے قبل ایس ای سی پی کے سرکلر نمبر 29/2008جو کہ 24دسمبر2008کو جاری کیا گیا تھا، اس میں لائسنس کی تجدید کے لئے درخواست دینے کا طریقہ تفصیل سے بیان کیا گیا تھا۔ سرکلر کے مطابق تیس دن کے اندر لائسنسوں کی تجدید نہ کرانے پر قانونی کارروائی کی جائے گی جس میں لائسنس کی تنسیخ بھی شامل ہے۔