حکومت چھوٹی صنعتی زون کے قیام کو مزید وسعت دینے کیلئے کوشاں ہے ،عبدالمنعم،

بینک آف خیبر کے تعاون سے چھوٹے صنعتکاروں کو 20لاکھ روپے بغیر سود کے قرضے فراہم کئے جائیں گے ، معاون خصوصی وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعرات 29 جنوری 2015 18:57

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبد المنعم خان نے کہا ہے کہ حکومت چھوٹی صنعتی زون کے قیام کو مزید وسعت دینے کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں بینک آف خیبر کے تعاون سے چھوٹے صنعتکاروں کو 20لاکھ روپے بغیر سود کے قرضے فراہم کئے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں چارسدہ میں قائم ہونے والے نئے انڈسٹریل سٹیٹ کیلئے چھوٹے صنعتکاروں کو پلاٹ الاٹمنٹ لیٹر دینے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹری بورڈ رشید خان پائندہ خیل ،ایڈیشنل سیکرٹری صنعت صلاح الدین ،چیمبر آف کامرس خیبر پختونخوا کے صدر فواد اسحاق ، صوبائی چیف سمیڈا جاوید خٹک اور دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ صوبے اور ضلع چار سدہ سے تعلق رکھنے والے صنعت کار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مذکورہ صنعتی زون 240کینال اراضی پر مشتمل ہے اور اس میں کل 92پلاٹس ہیں جبکہ اس موقع پر 52صنعتکاروں کو پلاٹس الاٹمنٹ لیٹر جاری کئے گئے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا ہے کہ چارسدہ میں نئے صنعتی زون کے قیام سے پانچ ہزار افراد کو روزگار ملے گا جبکہ سالانہ آمدنی میں ایک ارب روپے کا اضافہ بھی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور پلاٹ الاٹمنٹ میں کسی قسم کی رشوت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہنر مندی کے ذریعے دہشت گردی کو ختم کیا جا سکتا ہے کیونکہ دہشت گردی کی بنیادی وجہ بے روزگاری ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ صنعتوں کو مزید فعال اور وسعت دینے کیلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

متعلقہ عنوان :