سہیل احمد کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف ایم کیو ایم کی اپیل پرٹنڈو الہ یار میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال

جمعرات 29 جنوری 2015 18:55

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) ایم کیوایم سوسائٹی سیکٹر یونٹ64کے یونٹ انچارج سہیل احمد کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف ایم کیو ایم کی اپیل پرٹنڈو الہ یار میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر انجمن تاجران ، تاجر اتحاد سمیت تمام کاروباری و تجارتی تنظیموں ، پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن اور ٹرانسپورٹر حضرات نے اپنی معمول کی سرگرمیاں مکمل طور پر بند رکھ کر احتجاج کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

احتجاج کے موقع پر شہر کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے ۔ جبکہ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہا ۔اس موقع پر زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان کو چن چن کر قتل کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

ظلم اور زیادتی کے اس عمل کے خلاف کوئی سیاسی ، مذہبی یا سماجی تنظیم آواز بلند کرنے کو تیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ظلم و زیادتی کا یہ عمل ایم کیوایم کے کارکنان کے لئے کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ ایم کیوایم کے قیام سے آج تک کارکنان نے اپنے لہو کی قربانیاں دے کر حق اور سچ کے پرچم کو بلند رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میں شامل وزراء بالخصوص وزیر اعلیٰ سندھ طاقت کے زعم میں بے گناہ شہریوں کے خون سے اپنے ہاتھوں کو رنگ رہے ہیں۔ انہیں نہیں معلوم کہ خداکی لاٹھی بے آواز ہے ۔

مظلوم عوام کی آہیں سندھ حکومت کے فرعونوں کے لئے تباہی کا سامان بن کر رہیں گی۔ نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے چیف جسٹس آف پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کے قتل عام کا فوری نوٹس لیا جائے ۔ اور ظلم و زیادتی کے اس عمل میں ملوث طاقتور افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر انہیں نشان عبرت بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :