سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا چمبہ ہاؤس میں تزئین و آرائش کا کام مکمل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار،

فنڈز کی کمی کے معاملے پر آئندہ فنانس ڈیپارٹمنٹ کی میٹنگ بلانے کی بھی ہدایت ،سینیٹر شاہی سید کی زیر صدارت اجلاس

جمعرات 29 جنوری 2015 18:47

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس سینیٹر شاہی سید کی زیر صدارت میں چنبہ ہاؤس لاہور میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس بیرسٹر عثمان ابراہیم‘ سینیٹر حاجی سیف اللہ خان بنگش‘ سینیٹر محمد ظفر اللہ خان‘ سینیٹر عبدالرؤف ‘ سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس‘ پی ڈبلیو ڈی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں وفاقی کالونی میں غیر قانونی قبضے ‘ سرکاری اراضی واگزار کرنے کے لئے اقدامات اور وفاقی ملازمین کی رہائشگاہوں کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے ۔اجلاس میں محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی طرف سے بعض معاملات پر برہمی کا بھی اظہار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فنڈز کی کمی کے معاملے پر آئندہ فنانس ڈیپارٹمنٹ کی میٹنگ بلانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

علاوہ ازیں پی ڈبلیو ڈی لاہور کی طرف سے گزشتہ 5 سالوں کے دوران سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے تحت کئے گئے منصوبوں کی تفصیل بھی بتائی گئی جبکہ کمیٹی نے چمبہ ہاؤس کی تزئین و آرائش میں سست روی پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ 2012 ء سے شروع ہونے والی تزئین وآرائش ابھی تک کیوں مکمل نہیں ہو سکی۔ اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے حوالے سے دیگر ترقیاتی معالات بھی زیربحث لائے گئے۔

متعلقہ عنوان :