نیشنل ایکشن پلان،جنرل ہولڈاپ اور سرچ آپریشن میں9548ناجائز ہتھیار برآمد کئے گئے‘ صوبائی وزیر داخلہ ،

نئے اسلحہ لائسنسوں کا اجراء فروری کے آخر میں کیاجائے گا، 15یوم میں لائسنس جاری ہوگا، اسلحہ لائسنس ہولڈر اور اسلحہ ڈیلر کے ریکارڈ کی نادرا کے ذریعے تصدیق کروائی جائے گی، اسلحہ لائسنسوں کی تصدیق کیلئے پولیس کو 500مانیٹر سسٹم دے دیئے گئے ہیں، انگوٹھا رکھنے میں تمام کوائف ظاہرہوجائیں گے، سکولوں اوردیگر تنصیبات کی سکیورٹی کو فول پروف کیاگیا، فوج اور پولیس کی مشترکہ ریپڈڈپلائمنٹ فورس صوبہ بھر میں تعینات ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں سے جرائم کی شرح میں 45فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے‘ کرنل(ر) شجاع خانزادہ

جمعرات 29 جنوری 2015 18:47

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء ) صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ناجائز اسلحہ کے خلاف مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ10یوم میں جنرل ہولڈاپ کے دوران 9233اور سرچ آپریشن میں 315ناجائز ہتھیاربرآمد کئے گئے جبکہ اسلحہ کی نمائش کرنے پر 420ہتھیار قبضہ میں لئے گئے ہیں اور365مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش پر پابندی کی خلاف ورزی پر 3کلاشنکوف ، 18رائفلز، 14گنزاور 20پسٹلز کے لائسنس منسوخ کرکے ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔انہوں نے یہ بات یہاں نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر اعلیٰ پولیس افسران اور ایجنسیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے 2009ئسے 2014ئکے دوران جاری کردہ اسلحہ لائسنسوں کی نادرا سے 28فروری 2015تک تجدید کروائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے اسلحہ لائسنسوں کا اجراء فروری 2015ء کے آخر میں شروع کر دیا جائے گا اورعدم اعتراض کی صورت میں درخواست گزار کو 15یوم میں لائسنس جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ لائسنس ہولڈر اور اسلحہ ڈیلر کے ریکارڈ کی نادرا کے ذریعے تصدیق کی جائے گی تاکہ ایک ہی نمبر کے ایک سے زیادہ ہتھیاروں کے خدشے کو روکا جاسکے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلحہ لائسنسوں کی تصدیق کیلئے پولیس کو 500مانیٹر سسٹم دے دیئے گئے ہیں جس کے ذریعے انگوٹھا رکھتے ہی اسلحہ لائسنس ہولڈر کے تمام کوائف ڈسپلے ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلالائسنس اسلحہ رکھنے والوں کے مقدمات انسداددہشت گردی کی عدالت میں سنے جائیں گے جس کی سزا 14سال قید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپورکارروائیوں اور 5آرڈیننسوں کے اجراء کے باعث جرائم کی شرح میں 45فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے۔ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ سکولوں اور دیگر تنصیبات کی سکیورٹی کو فول پروف کیا گیا ہے اور فوج اور پولیس کی مشترکہ ریپڈ ڈپلائمنٹ فورس کو صوبہ بھر میں سٹریٹجک پوائنٹس پر تعینات کردیا گیا ہے، یہ فورس 5سے 7منٹ میں جائے حادثہ پر پہنچ سکے گی۔انہوں نے عوام سے اپیل ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی غیرمعمولی صورتحال دیکھیں تو فوراً 15اور 1717پر کال کریں تاکہ بروقت کارروائی کرنا ممکن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :