وزیراعظم محمد نواز شریف ایک روزہ دورے پر کل کراچی پہنچیں گے

جمعرات 29 جنوری 2015 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ایک روزہ دورے پر کل جمعہ کراچی پہنچیں گے ۔وزیراعظم نے کراچی میں امن و امان کی صورت حال اور ٹارگٹڈ آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے گورنر ہاوٴس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ہے ۔وزیرا عظم نواز شریف نے جمعرات کو ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ۔

اس رابطے میں ایم کیو ایم کے تحفظات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری نے وزیراعظم کو کراچی آپریشن کے دوران کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات خصوصاً سہیل احمد کے اغواء اور قتل کے واقعہ سے آگاہ کیا ۔وزیر اعظم نے ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن کردار ادا کرے گی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ جمعہ کو کراچی کا دورہ کروں گا ۔امن و امان کے اجلاس کی صدارت کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا ۔دورہ کراچی میں ایم کیو ایم کے مقتول کارکن سہیل احمد کے لواحقین سے بھی ملاقات کروں گا ۔ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ امن و امان کے اجلاس میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو طلب کیا گیا ہے ۔بابر غوری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے یقین دلایا ہے کہ ماورائے عدالت قتل ہونے والے ایم کیو ایم کے کارکن سہیل احمد کے اہل خانہ کو انصاف دلایا جائے گا اور واقعہ کی تحقیقات کے بعداس میں ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔