شیخ رشید کی قادری کو حکومت مخالف تحریک پھر شروع کرنے کی دعوت

جمعرات 29 جنوری 2015 16:51

شیخ رشید کی قادری کو حکومت مخالف تحریک پھر شروع کرنے کی دعوت

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جنوری2015ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے مدینہ منورہ میں عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کرکے انہیں دعوت دی ہے کہ وہ مارچ میں سینیٹ کے الیکشن سے پہلے وطن آجائیں تاہم پھر حکومت پر دباﺅ بڑھانے کیلئے تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر تحریک کا آغاز کریں۔ مقامی اخبار نئی بات کے مطابق شیخ رشید چاہتے ہیں کہ سینیٹ کے الیکشن سے قبل حکومت کے خلاف فیصلہ کن تحریک کا آغاز کیا جائے اور اس کیلئے وہ ایک بار پھر عمران خان اور طاہرالقادری کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔

عوامی تحریک اور تحریک انصاف کو 14 اگست کو ایک ہی دن لاہور سے دھرنے کے لئے اسلام آباد روانہ ہونے کے لئے بھی شیخ رشید نے کردار ادا کیا تھا۔

(جاری ہے)

شیخ رشید پھر حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کے لئے مختلف جماعتوں کو متحرک کررہے ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے طاہرالقادری سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت ابھی ایسی نہیں ہے کہ وہ وطن واپس آکر حکومت کے خلاف تحریک کی قیادت کرسکیں وہ مدینہ منورہ سے واپس علاج کے لئے امریکہ جائیں گے جب ڈاکٹر ان کو کلین چٹ دیں گے تو وہ وطن واپس آنے میں ایک لمحے کی دیر نہیں کریں گے۔

طاہرالقادری نے اپنی واپسی سے قبل پارٹی کی تنظیم سازی، رکنیت سازی اور کارکنوں کو متحریک کرنے کے لئے ورکرز کنونشن منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے اور پہلا کنونشن آج ڈی جی خان میں ہوگا۔ طاہرالقادری نے شیخ رشید سے کہا کہ حکومت کے ظلم کے خلاف تمام جماعتیں متحد ہیں تاہم ابھی کچھ جماعتیں خوش فہمی میں مبتلا ہیں ان کی خوش فہمی دور ہو لینے دیں اور جب تحریک اور اتحاد کے مرحلے کا وقت آئے گا تو اسے خوش اسلوبی سے طے کرلیں گے فی الحال دہشت گردی کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں رہنماﺅں میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور مناسب وقت پر حکومت کے خلاف ایک بار پھر تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :