جماعةالدعوة اور جماعت اسلامی کا گستاخانہ خاکوں کے خلاف ملک گیر سطح پر مشترکہ جدوجہد پراتفاق

جمعرات 29 جنوری 2015 13:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) جماعةالدعوة اور جماعت اسلامی نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف ملک گیر سطح پر مشترکہ جدوجہد پراتفاق رائے کا اظہا رکرتے ہوئے کہاہے کہ ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کا جلد اجلاس طلب کر کے متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا، اسی طرح 5فروری کو پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کشمیرکانفرنسوں و ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گااورتحریک آزادی کشمیر کے خلاف کی جانے والی سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وفد کے ہمراہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعةالدعوة پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید سے ملاقات کی جس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت، مسئلہ کشمیر کے خلاف ہونیو الی سازشوں اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ، جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، تحریک حرمت رسول ﷺ کے کنوینر مولانا امیر حمزہ، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر سید وسیم اختراور حافظ خالد ولید بھی موجود تھے۔

امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید ، جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق اور دیگر قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تحفظ حرمت رسول ﷺ کے مسئلہ پر پورے ملک میں مشترکہ طور پر بھرپور تحریک کھڑی کی جائے گی اور حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے گا کہ وہ عالمی سطح پر تمام انبیاء کی توہین جرم قرار دیکر سخت سزا کا قانون پاس کروائیں۔ڈنمارک، ناروے اور جرمنی کے بعد اب فرانس بھی ان گستاخیوں میں شامل ہو گیا ہے۔

چالیس ملکوں کے سربراہان نے اکٹھے ہو کرگستاخوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یہ نعرہ بلند کیا کہ ہم سب چارلی ہیں لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ابھی تک مسلم حکمرانوں کی جانب سے صلیبیوں و یہودیوں کی شان رسالت ﷺ میں گستاخیوں کے خلاف مضبوط ردعمل دیکھنے میں نہیں آیا۔ یہ صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے۔جماعت اسلامی اور جماعةالدعوة کے قائدین نے اس امر پر اتفاق کیاکہ نبی اکرم ﷺ کی حرمت کے تحفظ کیلئے جاری جدوجہد کو ایک باقاعدہ تحریک کی شکل دے کر پورے ملک میں مشترکہ پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا اور ملک بھر کی مذہبی و سیاسی قیادت اور قوم کے ہر طبقہ کو اس میں شریک کیاجائے گا تاکہ دنیا کو مضبوط و موثر پیغام دیا جاسکے کہ پاکستانی قوم نبی مکرم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کر سکتی۔

سراج الحق اور حافظ محمدسعید کے مابین ملاقات کے دوران امریکی صدر کے دورہ انڈیا اور تحریک آزادی کشمیر کے خلاف کی جانے والی سازشوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے کہاکہ کشمیری و پاکستانی مسلمانوں کا خون ایک ہو چکا ہے انہیں کسی صورت جدا نہیں کیاجاسکتا۔مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر میں کشمیر کارواں، جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ شان رسالت ﷺ میں گستاخیوں کے خلاف بھرپور کردار ادا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ مسلم حکمران اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت ہر فورم پر آواز بلند کریں اور تحفظ حرمت رسول ﷺ کے حوالہ سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔