گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور مستعفی

جمعرات 29 جنوری 2015 13:28

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء )مستعفی ہونے والے گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور 18اگست 1952ء کو سیاں دی کھوئی نزد چیچہ وطنی فیصل آباد میں پیدا ہوئے وہ پنجاب کے 35ویں گورنر تھے ، ان کی زندگی جدوجہد سے عبارت ہے 1976ء میں انہوں نے فیصل آباد میں اپنا تعلیمی کیریئر مکمل کیا اور اسی برس ان کی شادی محترمہ پروین سرور سے ہوئی ان کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے اور وہ آرائیں برادری سے تعلق رکھتے ہیں ۔

ایک اندازے کے مطابق چوہدری محمد سرور 16ملین پاؤنڈزکے مالک ہیں ان کی فیملی ہول سیل کیش اینڈ کیری بزنس سے تعلق رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

1987ء میں وہ پہلی بار گلاسکو سٹی سے لیبر کونسلر کیلئے کھڑے ہوئے اور 1992ء میں انہوں نے الیکشن جیتا 1997ء کے جنرل الیکشن میں وہ گلاسکو سے ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے وہ پہلے ایشین ممبر پارلیمنٹرین تھے جنہوں نے قرآن پر حلف لیا۔

2001ء میں گلاسکوسٹی میں دوبارہ ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے اور2005ء میں گلاسکو کے ایک نئے حلقے سے الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی ۔ محمد سرور 2004ء میں سکاٹش افیئرز کمیٹی کے ممبر منتخب ہوئے اور 2005ء میں اسی کمیٹی کے چیئرمین بھی بن گئے 2010ء میں وہ برطانوی شہریت چھوڑ کر پاکستان آگئے اور مسلم لیگ (ن) نے انہیں 5اگست2013ء کو پنجاب کا 35گورنر بنا دیا