پرویزخٹک روز نیا اعلان کرتے ہیں مگر عمل نہیں کرتے البتہ دھرنے میں ڈانس ضرور کرتے ہیں ‘ رانا بابر حسین

جمعرات 29 جنوری 2015 12:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ پرویز خٹک کا ڈیڑھ سال بعد خیبرپختونخواہ میں بجلی کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان نیا لطیفہ ہے،ان کا جلد صوبہ کے مختلف مقامات کا دورہ کرنے کااعلان بھی جھوٹ ہے ،تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ نیا ڈرامہ ہے ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پرویزخٹک روز نیا اعلان کرتے ہیں مگر وہ کسی اعلان پر عمل نہیں کرتے البتہ اسلام آباد کے دھرنے میں ڈانس ضرور کرتے ہیں ۔ان کا یہ ڈانس پورے ملک میں مشہور ہوچکا ہے ۔انہیں عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔خیبرپختون خواہ میں عوام کے مسائل بڑھ چکے ہیں مگر پرویزخٹک کو ان مسائل سے کوئی غرض نہیں ہے وہ صرف ڈرامہ کرنا جانتے ہیں اور ڈرامہ کی روز نئی قسط منظر عام پر لاتے ہیں ۔اب خیبرپختون خواہ میں پن بجلی کے منصوبے لگانے کا اعلان عوام کو فریب دینے کی نئی کوشش ہے ۔ تحریک انصاف فریب کی تحریک بن گئی ہے ہے اور ہر وقت عوام کو فریب دینے میں مصروف ہے۔