مرضی کے وکیل اور مرضی کے فیصلے کروانے کا زمانہ گزر گیا ہے عدالت کا ہر صورت میں انصاف کرنا ہو گا، بابر اعوان

جمعرات 29 جنوری 2015 12:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء)عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کے اب مرضی کے وکیل اور مرضی کے فیصلے کروانے کا زمانہ گزر گیا ہے عدالت کا ہر صورت میں انصاف کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہرجانہ کیس کی سماعت کے بعد احاطہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں حیران ہوں جو بات عمران خان نے کی وہی بات میرے دوست آصف علی زرداری نے کی کہ یہ آر اوز کا الیکشن ہے اور یہی بات ہمارے پرویز الٰہی نے کی اور اس کے علاوہ کئی دوسرے سیاستدانوں نے بھی یہی بات کی مگر ہرجانے کا کیس ہمارے کلا ئنٹ کیخلاف دائر کیا گیا چونکہ ایک ریٹائرڈ سیاسی چیف جسٹس عدالتو ں کے کندھوں پر سوار ہو کر سیاست کرنا چاہتا ہے اس لئے یہ کیس دائر کروایا گیا حالانکہ ہم کو خود ایک ایسا فورم تلاش کر رہے تھے جہاں پر ہم 2013ء کے دھاندلی زدہ الیکشن کے بارے میں تمام دستاویزات قوم کے سامنے پیش کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں خود ہی فورم عطا کر دیا ہے اب اہم ترین دستاویزات نہ صرف عدالت میں پیش ہونگی بلکہ قوم کے سامنے بھی پیش کریں گے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ اس سے سیاسی چیف جسٹس (ر) افتخار محمد چوہدری کیس کی سماعت سے حکومت کو بھی تکلیف ہو گی مگر ہم انصاف کیلئے لڑیں گے اور ہمیں اس کی کوئی پروا نہیں۔ اس فورم پر ہم ارسلان افتخار کا کچا چٹھا بھی پیش کریں گے۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ سیاسی چیف جسٹس کی سوچ کو دیکھیں کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی نے اہم ترین دستاویزات قوم کے سامنے پیش کیں مگر کسی نے نہ ہرجانے کا مقدمہ کیا اور نہ ہی توہین عدالت کا مقدمہ کیا گیا۔ چونکہ اس سارے کھیل کے پیچھے حکومت چھپی ہوئی ہے اور ہم اس کو بے نقاب کریں گے۔