لاہور: عدالتی حکم پر ایس ایچ او چنیوٹ گرفتار

جمعرات 29 جنوری 2015 11:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جنوری2015ء) سلمان شہباز کی شوگر ملز کے مینجر کے اہل خانہ کی بازیابی کیس کی سماعت میں عدالتی حکم پر ایس ایچ او چنیوٹ کو حراست میں لے لیا گیا۔ ہائی کورٹ میں جسٹس مظہر اقبال سدھو کی عدالت میں سلمان شہباز کی شوگر ملز کے مینجر محمد علی کی اہلیہ اور بیٹے کو پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

آمنہ بی بی نے روتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے 24 جنوری کو گھر پر چھاپہ مارا شوہر کے گھر میں عدم موجودگی پر ان کو، بچوں اور پھر والدہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہائی کورٹ نے پولیس پر شدید بر ہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی حکم پر ایس ایچ او چنیوٹ کو حراست میں لینے کا حکم جاری کر دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کوئی بھی ڈکیت نہیں ہے یہاں پولیس از خود ڈکیت بنی ہوئی ہے آئی جی پنجاب بتائیں کہ کیا ہم سب صوبہ چھوڑ کر چلے جائیں اور پولیس زبان بھی ایسی استعمال کرتی ہے جو کہ دہرائی نہیں جا سکتی۔ وکیل نے بتایا کہ محمد علی کے پاس رمضان شوگر ملز کی بہت سے بے قاعدگیوں اور فراڈ کا ریکارڈ موجود ہے سلمان شہباز کے کہنے پر پولیس نے محمد علی کی رہائشگاہ اور سسرال پر چھاپہ مارا۔ عدالت نے ڈی پی او چنیوٹ کو محمد علی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :