چیف سیکرٹری پنجاب کی ڈی سی اوز کو شجرکاری مہم کامیاب بنانے کی ہدایت،

محکمہ جنگلات شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کو مفت پودے فراہم کرے گا، پنجاب میں ایک کروڑ 20لاکھ پودے لگانے کا ہدف پورا کیا جائے‘ چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل کی ہدایت

بدھ 28 جنوری 2015 22:19

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء ) چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل نے صوبہ بھر کے ڈی سی اوز کو 2فروری سے شروع ہونے والی شجرکاری مہم کامیاب بنانے کی ہدایت کردی ہے۔چیف سیکرٹری نے صوبہ بھرکے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جنگلات شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کو مفت پودے فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امسال شجرکاری مہم کے دوران ایک کروڑ 20لاکھ پودے لگانے کا ہدف پورا کیا جائے اور اس ضمن میں متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ۔

(جاری ہے)

تمام اضلاع میں محکمہ جنگلات کی نرسریوں کے سٹاک کی تصدیق کی جائے ۔چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل نے کہا کہ پنجاب بھر میں عوام کی دلچسپی کے لئے پھولوں کی نمائش کا اہتمام کیا جائے تاکہ شہریوں میں پھولوں اور پودوں کی افادیت کا شعور بیدار ہو۔

چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل نے کہا کہ پارک اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی اور محکمہ جنگلات کے اشتراک کار کو بہتر بنایا جائے اور لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں بننے والی نئی پارکس اینڈہارٹیکلچراتھارٹیز کی استعدادکاربڑھانے کے لئے خصوصی توجہ دی جائے بالخصوص شجرکاری کے حوالے سے متعلقہ ادارے باہم اشتراک سے کام کریں۔

متعلقہ عنوان :