2فروری کو ڈاکٹرز کے قتل کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا ،پیما کا اعلان ،

حکومت ڈاکٹروں کے اغواء اور قتل جیسے سنگین مسائل پر آنکھیں بند کرنے کے بجائے سنجیدہ اور موثر اقدامات کرے،ڈاکٹر عظیم الدین

بدھ 28 جنوری 2015 21:27

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسو سی ایشن (پیما ) کراچی کے صدرڈاکٹر عظیم الدین نے کہا ہے کہ آئے دن بے گناہ ڈاکٹروں کو ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بنایا جا رہا ہے ،انسانیت کے مسیحاؤں کو آخر کس جرم میں چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے ؟شہر کو قاتلوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ،حکومت قیام امن میں بُری طرح ناکام نظر آرہی ہے ،ایک طرف ٹارگٹڈ آپریشن جا ری ہے جب کہ دوسری طرف بے لگام قاتلوں کا راج حکومت کے امن و امان کے قیام میں جاری کوششوں پر سوالیہ نشان ہے ،وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کریں ۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ شہید ڈاکٹرزکے اہل خانہ کے لئے ایک کروڑ روپے کے مالی اعانت کا فوری اعلان کیا جائے ،ڈاکٹروں کی موثر سیکورٹی اور اسلحہ کے لائسنس جاری کیے جائیں اور ڈاکٹروں کو ہتھیار لے کر چلنے کی قانونی طور پر اجازت دی جائے ، تمام بھتہ مافیا گروپوں اور اغواء کاروں کے خلاف فور ی کاروائی کی جائے اور ان کے مقدمات فوری انصاف اور سماعت کے لئے نئی قائم شدہ فوجی عدالتوں میں بھیجے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹروں کی دیگرڈاکٹرز تنظیموں کے ساتھ مل کر 2فروری کو تمام سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں سیاہ پٹیاں باندھ کریوم سیاہ کے طور پر منائے گی اور تمام اوپی ڈیز کو احتجا جا بند رکھا جائے گا ۔تمام جنرل پریکٹیشنر ز کے کلینک بھی بند رہیں گے ،شہید ڈاکٹرز کے لیے فاتحہ خوانی اور ان کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر ڈاکٹرز ہمارے ساتھ سیاہ پٹیاں باندھ کر ڈاکٹروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔ سول سوسائٹی اور ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو اس احتجاج میں شامل کیا جائے گا۔عوام میں آگہی پھیلانے کے لئے شہر بھر میں بینر آویزاں کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پُر امن ماحول فراہم نہ کیا توہسپتالوں اور پی ایم اے ہاؤس کراچی میں دھرنے دیئے جائیں گے اور بھوک ہڑتال کی جائے گی۔

اگر اس کے باوجود صورتحال میں تبدیلی نہ آئی تو پی ایم اے ہاؤس کراچی میں غیر معینہ مدت کے لئے قرآن خوانی کیمپ لگایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز تمام حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کریں اورمسلح گارڈ اپنے ساتھ رکھیں۔ڈاکٹر ز پہلے بھی پُرعزم تھے اور آئندہ بھی کسی قسم کی دھمکیوں کو خاطر میں لائے بغیر اپنا کام جا ری رکھیں گے ،حکومت قیام امن کو یقینی بنائے اور ڈاکٹرز کو تحفظ فراہم کرے۔ حکومت ڈاکٹروں کے اغواء اور قتل جیسے سنگین مسائل پر آنکھیں بند کرنے کے بجائے سنجیدہ اور موثر اقدامات کرے ۔

متعلقہ عنوان :