جماعت اسلامی سندھ کاکراچی میں مسلسل ڈاکٹروں کے قتل کی سخت اور02 فروری کو ڈاکٹروں کے احتجاج کی بھرپور حمایت کا اعلان

بدھ 28 جنوری 2015 20:47

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کراچی میں مسلسل ڈاکٹروں کے قتل کی سخت اور02 فروری کو ڈاکٹروں کے احتجاج کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ڈاکٹروں کو فول پروف تحفظ دینے کیلئے اقدامات کرکے شہریوں سے عدم تحفظ کا احساس ختم کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ شہر کراچی میں مسلسل ڈاکٹرز،انجنیئرز،وکلاء اورعلماء کرام سمیت ممتاز شخصیتوں کا قتل ایک منظم سازش کا حصہ ہے، جس کو بے نقاب کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

ابتک شہر کراچی میں پچاس سے زائد ڈاکٹروں کا قتل اور تاحال قاتلوں کی عدم گرفتاری ہمارے معاشرے اور حکومت کی بے حسی ونااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔کئی ڈاکٹر جرائم پیشہ افراد کی جانب سے دہمکیوں وبھتہ کی پرچیاں ملنے پر ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے ،حالانکہ وہ اپنے ملک وقوم کی خدمت کرنا چاہتے تھے مگر عدم تحفظ اور حکومتی نااہلی کی وجہ سے وہ بیرون ملک چلے گئے۔حکومت ڈاکٹروں سمیت شہریوں کے تحفظ میں ناکام ثابت ہوئے ہے۔