کراچی پولیس نے جامعہ کراچی کے پروفیسر شکیل اوج اور پروفیسر سبط حسین کے قتل میں ملوث متحدہ قومی موومنٹ کے ٹارگٹ کلرمنصور کو گرفتار کر لیا ،

ملزم نے دوران تفتیش مہاجر قومی موومنٹ (حقیقی) کے3کارکنوں کے قتل اغواء برائے تاوان اور متعدد ڈکتیوں کی وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے، ایڈیشنل آئی جی کراچی

بدھ 28 جنوری 2015 20:42

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) کراچی پولیس نے جامعہ کراچی کے پروفیسر شکیل اوج اور پروفیسر سبط حسین کے قتل میں ملوث متحدہ قومی موومنٹ کے ٹارگٹ کلرمنصور کو گرفتار کر لیا ہے ،ملزم نے دوران تفتیش مہاجر قومی موومنٹ (حقیقی) کے3کارکنوں کے قتل اغواء برائے تاوان اور متعدد ڈکتیوں کی وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے ۔بدھ کو سینٹرل پولیس آفس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے بتایا کہ کراچی پولیس نے لیاقت آباد کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر منصور کو گرفتار کیا ہے۔

یڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق ٹارگٹ کلر نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ اس نے جامعہ کراچی کے پروفیسر شکیل اوج‘ پروفیسر سبط حسین جعفری اور 1993ء میں مہاجر قومی موومنٹ (حقیقی) کے 3 کارکنوں کو قتل کیا ہے۔

(جاری ہے)

غلام قادر تھیبوکے مطابق جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر شکیل اوج اور پروفیسر سبط حسن کا قاتل اپنا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے بتاتا ہے لیکن اس کا ہمارے پاس اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔

کراچی پولیس چیف کے مطابق ٹارگٹ کلر منصور نے دوران تفتیش بتایا ہے کہ اسے متحدہ قومی موومنٹ نے لیاقت آباد میں واقع سندھ گورنمنٹ اسپتال میں وارڈ بوائے کی نوکری بھی دی ہے ۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ اس کے بھی ہمارے پاس ثبوت نہیں ہیں اس لئے متحدہ قومی موومنٹ کے کسی عہدیدار کودفعہ109میں شامل نہیں کر سکتے ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ٹارگٹکلر رینجرزاہلکاروں پر فائرنگ کے علاوہ لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ پولیس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، متحدہ قومی موومنٹ سے متعلق میرے گزشتہ بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹ کرپیش کیا گیا ہے۔کراچی پولیس چیف نے کہا کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن ہو رہا ہے کسی ایک سیاسی جماعت کو نشانہ نہیں بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ کراچی میں ایک بھی ٹارگٹ کلنگ کی واردات نہ ہو اور شہر میں امن قائم ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بھر پور کوششیں بھی کی جارہی ہیں یہی وجہ ہے کہ سال2013 کے مقابلے میں سال2014 میں ٹارگٹ کلنگ میں کمی ہوئی ہے ۔غلام قادر تھیبو نے کہا کہ کراچی میں منگل کو بھی پولیس نے ایک بڑی کاروائی کی اور بلدیہ ٹاون کے علاقے اتحاد ٹاون سے 150کلو تک بارودی مواد کو قبضے میں لے کر ناکارہ بنا یا ہے ۔کراچی پولیس چیف کے مطابق جہاں پر جرم ہوگا پولیس وہاں کاروائی کرئے گی ۔جرائم پیشہ عناصر کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے ہو یا پولیس سے سب سے یکساں سلوک کیا جائے گا۔