حکومت کو عوام کے ساتھ زیادتی کرنے کی ہرگز بھی اجازت نہیں دیں گے ،غنوی بھٹو

بدھ 28 جنوری 2015 20:38

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء)پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنوی بھٹو نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے حکمران عوام سے الیکشن کے وقت سچ نہیں بولتے ہیں الیکشن میں عوام سے چھ ماہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کرنے والوں نے آج پورے ملک کو اندھیروں کے حوالے کردیا ہے اور کبھی ملک میں بجلی کا نظام پورے ملک میں بند ہو جاتا ہے تو کبھی پٹرول غائب ہو جاتا ہے اس لئے ہمارا مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں اور آئے روز بجلی بند کرنے والوں کے بارے میں ایک جوڈیشنل کمیشن بنایا جائے اور حقائق کو قوم کے سامنے لایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی شہید بھٹو پنجاب کے صدر خواجہ عطاء الرحمن کی رہائش گاہ خواجہ ہاؤس میں پیپلز پارٹی پنجاب ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

غنوی بھٹو نے پنجاب کے صدر خواجہ عطا ء الرحمن سے کہا کہ وہ پنجاب بھر کے ضلعی صدور کو ہدائت کریں کہ وہ حکومت کی جانب سے بد ترین لوڈ شیڈنگ مہنگائی بے روز گاری اور لا قانونیت کے خلاف احتجاج کریں اور عوام کے حقوق کی آواز کو ہر فورم پر بلند کریں ہم نے ہر فورم پر عوام کی جنگ لڑنی ہے اور حکومت نے عوام سے الیکشن کے وقت جو وعدے کئے تھے وہ حکومت کو یاد دلوانے ہیں ۔

غنوی بھٹو نے کہا کہ ہم حکومت کو عوام کے ساتھ زیادتی کرنے کی ہرگز بھی اجازت نہیں دیں گے اور حکومت کے عوام دشمن اقدامات کی ہر سطح پر بھرپور مخالفت کرتے رہیں گے ۔