پختونوں کی بڑھتی پسماندگی ،احساس محرومی صوبائی حکومت کی غفلت کا نتیجہ ہے،سکندرشیرپاؤ،

خیبر پختونخوا ،پختونوں کے حقوق و تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ،بد حالی کے خاتمے کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کی جائیگی

بدھ 28 جنوری 2015 20:36

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے صوبہ اور پختونوں کی بڑھتی ہوئی پسماندگی اوراحساس محرومی کوصوبائی حکومت کی غفلت کا نتیجہ قراردیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پختونوں کے حقوق و تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان کی بد حالی کے خاتمے کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل ڈھکی،مندنی،ہری چند اور زیم چارسدہ میں شہید وطن حیات محمد خان شیرپاؤ کی آنے والی برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سکندر شیرپاؤ نے شہید لیڈر کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے سنگین حالات سے نمٹنے اور پختونوں کے حقوق و تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حیات شہید کے جوش وجذبہ کی ضرورت ہے اور جس طرح انھوں نے پختونوں کے حقوق و تحفظ کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کیا اسی طرح ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پختون قوم کے حقوق و بہبود اور تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ صوبہ بد انتظامی کی وجہ سے سماجی،معاشی اور اقتصادی مشکلات سے دوچار ہے اور یہی وجہ ہے کہ بے روز گاری اور مہنگای حد درجے بڑھ چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے لیکن غلط پالیسیوں کی وجہ سے اس کے ثمرات سے پختونوں کو محروم رکھا جارہا ہے ۔انھوں نے پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بجٹ خسارے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد میں سست روی پی ٹی آئی حکومت کی غفلت کا نتیجہ ہے اور مالیاتی نظم و نسق درست رکھنے کیلئے ان کے پاس وقت نہیں۔

انھوں نے کہا کہ صوبے کے ترقیاتی فنڈز ضائع ہونے کے حوالے جو رپورٹس منظر عام پر آچکی ہیں وہ ہمارے موقف کی تائید ہے کیونکہ ہم باربار کہہ چکے ہیں کہ اس ضمن میں صوبائی حکومت لاپرواہی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور صوبہ کی تعمیر وترقی پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے ۔انھوں نے پاک چائنا ٹریڈروٹ میں مجوزہ تبدیلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ پختونوں کو مزید پسماندگی کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں نے ملکی بقا کیلئے جانوں،مالوں اور دیگر قسم کی تاریخی قربانی دی ہے لیکن ان کی اس عظیم قربانی کو یکسر نظر انداز کیا گیا جس سے ان میں مایوسی پھیل گئی ہے انھوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی اندوہناک بات ہے کہ 20لاکھ سے زائدپختون اپنے ہی ملک میں بے یارومددگار اور بے گھر ہوکر کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔اجتماعات سے ممبران اسمبلی قومی وطن پارٹی خالد خان،ارشد خان عمرزئی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔