اچھا انجینئر اور ڈاکٹر بننے کے ساتھ ہمیں اچھا انسان بھی بننا ہو گا‘ چیئرمین ہائر ایجوکیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد ،

انتہاپسندی، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عوام میں شعور پیدا کرنا ہو گا،ہائیر ایجوکیشن یونیورسٹیز کے ساتھ ملکر ایک جامع تحریک کا آغاز کررہی ہے

بدھ 28 جنوری 2015 20:36

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء ) چیئرمین ہائیرایجوکیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ اچھا انجینئر اور ڈاکٹر بننے کے ساتھ ہمیں اچھا انسان بھی بننا ہو گا، انتہاپسندی، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عوام میں شعور پیدا کرنا ہو گا اس سلسلے میں ہائیر ایجوکیشن یونیورسٹیز کے ساتھ مل کر ایک جامع تحریک کا آغاز کررہی ہے ،جس میں اساتذہ کا بنیادی رول ہو گا۔

اس امر کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں نئے سیشن کے طلبہ وطالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے یو ای ٹی میں نئے گرلز ہاسٹل کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ روپے گرانٹ دینے کا اعلان کیا۔چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ایچ ای سی کی بدولت پاکستان میں اس وقت تین سو سے زائد یونیورسٹیاں اوران کے کیمپسز اعلٰی تعلیم کی ڈگریاں دے رہے ہیں اور یونیورسٹیوں کا معیار تعلیم بہتر ہونے کی وجہ سے ایشیاء کی تین سو بہترین یونیورسٹیز میں پاکستان کی دس یونیورسٹیاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طلباء رسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ بہترین انسانی رویوں کو بھی سیکھیں اور اس کے لیے یونیورسٹی میں باقاعدہ طور پر اخلاقیات اور رویوں پر خصوصی لیکچرز دیے جانے چاہیے۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے انسانی رویے ختم ہورہے ہیں اور انسانیت کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے طلباء کی ٹریننگ انتہائی ضروری ہے۔

ڈاکٹر مختار احمد نے خالد ہال کا افتتاح بھی کیا اور کہا کہ یو ای ٹی میں گرلز ہاسٹل کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ ہائر ایجوکیشن کمیشن دے گا جبکہ یونیورسٹی میں ریسرچ پراجیکٹس کی رفتار تیز کرنے کے لیے بھی ایچ ای سی یو ای ٹی کی معاونت کرے گا۔ تقریب سے خطاب میں وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ یو ای ٹی میں داخل ہونے والے طلباء کی زندگی کا خواب پورا ہوگیا ہے اور اب وہ اپنی تمام تر توانیاں حصول علم کے لیے وقف کریں۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے سے دہشت گردی کے خاتمے اور شدت پسندی کے رویوں کو ختم کرنے میں یو ای ٹی کے طلباء اور اساتذہ اپنا کردار ادا کریں گے اور اس حوالے سے طلباء کی تربیت بھی کی جائے گی۔ تقریب میں ڈین ڈاکٹر عبدا لستار شاکر ، ڈاکٹر غلام عباس ،ڈاکٹر فیاض حسین شاہ ، ڈاکٹر ندیم فیروز، رجسٹرار محمد آصف سمیت تمام شعبہ جات کے سربراہان اور طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد یو ای ٹی میں منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر فضل احمد خالد اور ڈینز کے ساتھ قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہیں۔

متعلقہ عنوان :