ا ولڈ سٹی تاجر اتحاد کا رسولﷺ کی شان میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے ممالک کی اشیاء کے بائیکاٹ کا اعلان

بدھ 28 جنوری 2015 20:29

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) ا ولڈ سٹی تاجر اتحاد کے چیئرمین شیخ محمد عالم نے رسولﷺ کی شان میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے ممالک کی اشیاء کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گستاخوں کے خلاف صرف احتجاج ناکافی ہے، مسلم ممالک پر لازم ہے کہ بار بار شانِ مصطفیٰ کی توہین کرنے والے ممالک کو معاشی جھٹکا بھی پہنچایا جائے، شہر کے سب سے بڑے تجارتی مرکز اولڈ سٹی کی 100سے زائد مارکیٹیں دشمنانِ رسولﷺ کا معاشی بائیکاٹ کرتے ہوئے ان ممالک کے اداروں کی تیار کردہ مصنوعات کی خریداری روک دیں، یہ اعلان انھوں نے اپنی زیرِقیادت بولٹن مارکیٹ ایم اے جناح روڈ پر اولڈسٹی تاجر اتحاد کے زیرِاہتمام تاجروں کے ایک بڑے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ نبی کے دشمن سے نفرت بھی نبی سے محبت کا اظہار ہے، حرمتِ رسول پر حملہ تمام مسلمین کی غیرتِ ایمانی پر حملہ ہے، انھوں نے توہینِ رسالتﷺ کے عمل کو دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ توہینِ رسالت کا مسئلہ اقوامِ متحدہ میں پیش کیا جائے اور عالمی ممالک سے مطالبہ کیا جائے کہ عالمی سطح پر اظہارِ آزادیٴِ رائے کی حدود متعین کی جائیں اور ایسے قوانین کا تقرر عمل میں لایا جائے جن میں مذہبی دل آزاری کی روک تھام ممکن ہوسکے، انھوں نے کہا کہ کسی بھی غیرتمند مسلمان کیلئے رسولِ کریم ﷺ کی بے حرمتی قابلِ قبول نہیں ہے،نبیﷺ کی شان میں گستاخی کے بعد عالمِ اسلام کو امن کا درس نہیں دیا جاسکتا، انھوں نے کہا کہ ایک جانب نبیﷺ کے شاتموں کے خلاف مسلمانانِ عالم کے دلوں میں آگ لگی ہے جبکہ دوسری جانب مسلم ممالک کے حکمران بے حسی اور بے غیرتی کا شرمناک مظاہرہ کررہے ہیں،اس موقع پر اکرم رانا، رفیق جعفرانی، احمد شمسی، شیخ محمد بلال، محمد حنیف، انور چھیپا، محمد ابراہیم، سلام قادری، محمد اسلم، شاکر فینسی، سکندر علی، عبدالغفور اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور عالمی طور پر فساد برپا کوششوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسی ہر شیطانی کوشش کے خلاف مسلمینِ عالم کی حمایت میں آواز اٹھائیں اور مذہبی رواداری کی بھرپور حمایت کریں، اس موقع پر دھرنے کے شرکاء نے نعرے بھی لگائے جن میں آپ کے شاتم زندہ ہیں،آپ سے ہم شرمندہ ہیں، حرمتِ رسولﷺ میں موت بھی قبول ہے، عالمِ اسلام کے حکمران حرمتِ رسول رﷺ پر سیاست نہ کریں، حاضر ہیں حاضر ہیں آپﷺ کے غلام حاضر ہیں کے نعرے شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :