ہمارے کونسلروں نے اتحاد کامظاہرہ کرکے دباؤ اورپیشکشوں کوٹکراکر ضلع کونسل میں کامیابی حاصل کی ہے، آل پارٹیز ڈیموکریٹک الائنس

بدھ 28 جنوری 2015 20:14

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء)آل پارٹیز ڈیموکریٹک الائنس کے رہنماوں نے حکومتی اتحادکی جانب سے تاخیری حربوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے کونسلروں نے اتحاد کامظاہرہ کرتے ہوئے دباؤ اورپیشکشوں کوٹکراتے ہوئے ڈسٹرکٹ کونسل میں کامیابی حاصل کی ہے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں بھی ہمارااتحاد برقراررہے گاہم کامیاب ہوں یانہ ہوں متحدہوکرتمام سازشوں کوناکام بنائیں گے ان خیالات کااظہارمولانا عبدالقادر لونی ،رشیدخان ناصر، ملک نصیراحمدشاہوانی نے چوہدری شبیر ،عبدالواحد آغا،ملک نعیم بازئی ،محمد رضاہزارہ اور میر اشرف ساتکزئی کے ہمراہ بدھ کوکوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیاآل پارٹیز ڈیموکریٹک الائنس کے رہنماؤں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں صوبائی اور مرکزی حکومتیں بھی جانبدار ہوگئیں جبکہ الیکشن کمشنر اس سے پہلے الیکشن جانبدار تھا انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات بھی حکومتی اتحادکی جانب سے کوئٹہ میٹروپولیٹن اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی سطح پر ہمارے کونسلروں کو 50،50لاکھ روپے سمیت ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کی پیشکش کی گئی مگر ہمارے کونسلروں نے تمام تر پیشکشوں کو مسترد کردیا اورر آج کوئٹہ ڈسٹرکٹ کونسل میں اے پی ڈی اے کے امیدوار ملک نعیم بازئی چیئرمین منتخب ہوگئے جس پر ہم کوئٹہ کے شہریوں کو مبارکباددیتے ہیں اور ہمارے کونسلران مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مختلف مقامات پر یہاں ہماری اکثریت ہے وہاں انتخابات کو روکنے سمیت تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بی این پی کے سربراہ سرداراختر جان مینگل ،عبدالخالق ہزارہ و دیگر کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے ہر قدم پر ہمارا ساتھ دیا مسلم لیگ (ق) سمیت دیگر جماعتوں کا بھی شکریہ اداکرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اے پی ڈی اے کا اتحاد 13ماہ سے برقرار ہے ہم نے پہلے دن کہا تھا کہ ہم حکومتی اتحاد کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے اورآج ہم نے ثابت بھی کیا اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں عزت دی ڈسٹرکٹ کونسل میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و اے پی ڈی اے کے امیدوار ملک نعیم بازئی کو کامیابی حاصل ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اتحاد کا مظاہرہ کیا جبکہ ہمارے مقابلے میں اے پی ڈی اے میں شامل ایک جماعت نے اپنے قائد کے غلط فیصلے کو تسلیم کیا ۔انہوں نے کہا کہ جہا ں حکومتی اتحاد کے امیدواروں کو شکست کا سامنا ہے وہاں پر غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں کورم پورا نہیں کیا جارہا اور جہاں پر ہماری کامیابی واضح ہے وہاں پرالیکشن ہی شروع نہیں کرائے جارہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ جو کچھ عام انتخابات اور پھر بلدیاتی انتخابات میں ہوا اسکو ابھی دہرایا جارہا ہے ہم جمہوریت پسند ہیں اور جمہوریت پریقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اے پی ڈی اے نے ڈسٹرکٹ کونسل میں صرف ایک نشست رکھنے والی اے این پی کو چیئرمین اور آزاد امیدوار کو ڈپٹی چیئرمین نامزد کرکے احسن اقدام کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ روز بھی یہ واضح کیا تھا کہ ہمارے مقابلے میں صوبائی حکومت کے بعد وفاقی حکومت بھی آگئی ہے اور چیف سیکرٹری سمیت پوری بیورو کریسی ہمارے خلاف سرگرم عمل رہی مگر اسکا کسی نے نوٹس نہیں لیا میاں نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) نے اتحادی غلط فیصلہ کیا جبکہ قوم پرستی کے دعویداروں نے بھی مایوس کیا ۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں جیتیں تو عوام کی خدمت کریں گے اور اگر شکست ہوئی تو مضبوط اپوزیشن کا کردارادا کرتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں گے ہمارا اتحاد کل کی طرح آج بھی برقرار ہے جس پر اتحاد میں شامل جماعتیں اورکونسلران مبارکباد کے مستحق ہیں ہم شہرکی بہترکیلئے متحدہوکرکام کرتے رہیں گے۔