اسلام آباد، چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کی زیر صدارت اجلاس،

مرکز F-7میں تعمیر کئے جانے والے پارکنگ پلازوں کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا گیا

بدھ 28 جنوری 2015 19:15

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں اسلام آباد کے مرکز F-7میں تعمیر کئے جانے والے پارکنگ پلازوں کے تعمیراتی کام سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ شاہد سہیل ، پراجیکٹ ڈائریکٹر پارکنگ پلازہ اور انجینئرنگ ونگ کے دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کو بتا یا گیا کہ مرکز F-7میں جنوب کی طرف تعمیر کئے جانے والے پارکنگ پلازے پر اب تک 65فیصد سے زائد کام ہو چکاہے جبکہ شمال کی طرف کے پارکنگ پلازے کے تعمیراتی کام کا آغاز کیا جا چکاہے۔ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے پارکنگ پلازو ں کے تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف ذاتی طور پر اس اہم منصوبے کی نگرانی کو یقینی بنائیں بلکہ تعمیراتی کام سے متعلق ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس منصوبے میں اعلی معیار اور اس کی ڈیزائن کے مطابق تعمیر پر بھی خصوصی توجہ دی جائے جبکہ اس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ شہری جلد از جلد اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں۔ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہاکہ اسلام آباد شہر تیزی سے پھیل رہاہے جس کے باعث نہ صرف اس کی آبادی میں روز افزوں اضافہ ہو رہاہے بلکہ شہر میں تجارتی سرگرمیوں میں بھی تیزی آتی ہے اس لئے پارکنگ پلازوں کی تعمیر کی اہم ضرورت ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے نے اسلام آباد میں پارکنگ کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی اقدامات کئے ہیں جس کے تحت ابتدائی طور پر مرکزF-7میں دونوں پارکنگ پلازوں کی تعمیر شروع کی گئی ہے تاہم اسے مزید وسعت دے کر اسلام آباد کے دیگر معروف کاروباری مراکز تک پھیلا یا جائے گا تاکہ اسلام آباد میں لوگوں کو درپیش پارکنگ کے مسائل سے چھٹکارہ مل سکے۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ پا رکنگ پلازے مرکز F-7کی جنوبی اور شمالی سمت میں بنائے جا رہے ہیں جو کہ بالترتیب 4200اور3307مربع گز پرتعمیر کئے جا رہے ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ مرکز F-7 کے جنوبی سمت میں تعمیر کئے جانے والے پارکنگ پلازے میں بیک وقت213گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہو گی جبکہ شمالی سمت میں تعمیر کئے جانے والے پارکنگ پلازے میں 227گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ دونوں پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے لئے 289.06ملین روپے کا PC-1 مئی 2014ء میں منظور کیا گیا تھا اور اس منصوبے کو جولائی 2015ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :