کوئی مذہبی جما عت دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتی ،حکمران ملکی دولت لوٹ کر پیسہ باہر منتقل کر رہے ہیں ،سراج الحق

پاکستان میں چوہدری ،وڈیرہ اور سردار ایک دوسرے کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں ،حکمرانوں نے تھر میں تماشا لگایا ہوا ہے ، نبیﷺ کی محبت میں ہم اپنی جان و مال ، خون کا آخری قطرہ تک قربان کر سکتے ہیں، امیر جماعت اسلامی کا کسان کنونشن سے خطاب/ صحافیوں سے گفتگو

بدھ 28 جنوری 2015 18:45

اوکاڑہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا کہ کوئی بھی مذہبی جما عت دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتی ۔

(جاری ہے)

حکمران ملکی دولت لوٹ کر پیسہ باہر منتقل کر رہے ہیں پاکستان میں چوہدری ،وڈیرہ اور سردار ایک دوسرے کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں اور وہ اسمبلیوں میں ان کو نمائند گی دیتے ہیں جن کو غربت کا کوئی احساس ہی نہیں ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسان کنونشن سے خطاب اور صحا فیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹرلیاقت علی کوثر امیر جماعت اسلامی ضلع اوکاڑا نے بھی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے تھر میں تماشہ لگایا ہوا ہے تھر میں اب تک 1600بچے بھوک اور افلاس کی وجہ سے موت کا شکار ہو گئے ہیں اور تھر کو موت کی وادی سے نکالنے کیلئے حکمت عملی بنانے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی بجائے سندھ حکومت نے 16ملین ڈالر کی لاگت سے ہلی کاپٹر خریدنے کی تیاری کر رکھی ہے انہوں نے کہا کہ سندھ کو بچانا ہے تو تھر کو بچانا ہو گا تھر پارکر اہسپتالوں میں ڈاکٹرز نہیں ہیں طبی سہولیات نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے حکمرانوں نے روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر عوام کو دھوکہ دیا ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایسا نہیں ہونے دے گی ہم عوام اور مزدور کے حقوق کیلئے لڑیں گے انہوں نے کہا کہ ملین مارچ مغربی انتہا پسندوں اور شان رسالتﷺ میں گستاخی کرنے والوں کے لئے پیغام تھا کہ نبیﷺ کی محبت میں ہم اپنی جان و مال اور خون کا آخری قطرہ قربان کر سکتے ہیں نبیﷺ سے محبت ہماری زند گی کا نچوڑ ہے ہماری زندگی کا حسن آپﷺ کی وجہ سے ہے ۔