نیشنل جوڈیشل کمیشن کا اجلاس

جسٹس فیصل عرب کو سندھ ہائیکورٹ کا چیف جسٹس‘ جسٹس مقبول باقر کو سپریم کورٹ لانے اور جسٹس (ر) ریاض احمد کو چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت مقرر کرنے کی سفارش

بدھ 28 جنوری 2015 15:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) اعلی عدلیہ ججز تقرر کرنے والے نیشنل جوڈیشل کمیشن نے جسٹس فیصل عرب کو سندھ ہائیکورٹ کا چیف جسٹس‘ موجودہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مقبول باقر کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے جبکہ جسٹس (ر) ریاض احمد کو چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت مقرر کرنے کی سفارش کردی۔

(جاری ہے)

یہ سفارش چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں ہونے والے نیشنل جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں بدھ کے روز کی گئی۔

گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں جسٹس فیصل عرب‘ جسٹس (ر) ریاض احمد اور جسٹس مقبول باقر کے حوالے سے سفارشات کیلئے ان کے ناموں کا جائزہ لیا گیا۔ بعدازاں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مقبول باقر کو جج سپریم کورٹ‘ سینئر جسٹس فیصل عرب کو سندھ ہائیکورٹ کا چیف جسٹس اور جسٹس (ر) ریاض احمد کو چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت بنانے کی سفارش کی۔ یہ سفارشات جوڈیشل کمیشن نے پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کردی ہیں۔