حقانی نیٹ ورک سمیت پاکستان میں دہشت گرد گروپوں کی محفوظ پناہ گاہیں افغان سکیورٹی کیلئے سنگین خطرہ ہیں‘ سابق امریکی جنرل

بدھ 28 جنوری 2015 14:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) سابق امریکی جنرل جان ایم کین نے کہا ہے کہ حقانی نیٹ ورک سمیت پاکستان میں دہشت گرد گروپوں کی محفوظ پناہ گاہیں افغان سکیورٹی کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی جنرل (ر) جان ایم کین نے سینٹ کی مسلح کمیٹی کو بتایا کہ حقانی نیٹ ورک سمیت پاکستان میں دہشت گرد گروپ افغان سکیورٹی کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سنگین خطرے سے نمٹنے کیلئے دہشت گرد گروپوں خصوصاً حقانی نیٹ ورک کیخلاف القاعدہ طرز کے حملے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں حقانی نیٹ ورک کی کمانڈ کو تباہ کرکے آپریشنل منصوبوں کو بھی ناکام بنانا ہوگا اور اسی صورت میں ہم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں حقیقی کامیابی حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے امریکی فوج کے مکمل انخلاء کے بعد حقانی نیٹ ورک بدستور ملکی سکیورٹی کیلئے سنگین خطرہ رہے گا اور ایسی صورت میں ہمیں افغان فورسز کو اس خطرے سے نمٹنے کیلئے تربیت دے کر اہل بنانا ہوگا۔