کویتی حکومت نے کروڑوں روپے ٹیکس لینے کے باوجود پاکستانیوں کیلئے ویزا پالیسی مشکل بنادی

بدھ 28 جنوری 2015 13:36

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ گلف (کویت) کے جنرل سیکرٹری احسان الٰہی کھرل نے کہا ہے کہ کویت کی حکومت وہاں پر مقیم لاکھوں پاکستانیوں سے ہر سال کروڑوں روپے ٹیکس کی مد میں وصول کرتی ہے اس کے باوجود کویتی حکومت نے پاکستانیوں کیلئے ویزا پالیسی مشکل بنا رکھی ہے جو قابل مذمت ہے‘ حکومت پاکستان کو اس پر کویتی حکومت سے ویزا پالیسی کو نرم کرنے کیلئے بات کرنی چاہئے۔

گذشتہ ماہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بھی کویت کے دورہ کے دوران اوورسیز پاکستانیوں نے ملاقات کے دوران اپنی یہ پریشانی بیان کی تھی۔ ان کے وعدے کے باوجود اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آبائی گاؤں چک 55 برج میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کویت و دیگر اسلامی ریاستوں میں (ن) لیگ کو بھرپور عوامی حمایت حاصل ہے۔

کویت میں لاکھوں پاکستانی (ن) لیگ سے وفاداری کا جنون رکھتے ہیں۔ ہمارے لئے پاکستان میں دہشت گردی ناقابل برداشت ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ سانحہ پشاور کے واقعہ پر پاکستانی کمیونٹی نے کویت میں شدید احتجاج اور غم و غصے کا اظہار کیا۔ غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ کویت میں پاکستانی ایمبیسی کے زیراہتمام پاکستانی بچوں کیلئے تعلیمی ادارہ قائم کیا جائے۔ وہاں پر تعلیمی اداروں کی فیسیں ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ اسلام آباد سے ہر ہفتے گلگت بلتستان کیلئے ایک فلائٹ چلائی جائے۔