ممبئی حملہ کیس ، اسلام آبادہائیکورٹ نے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی

بدھ 28 جنوری 2015 13:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) اسلام آبادہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج کئے گئے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ آئی جی بلوچستان‘ آئی جی پنجاب‘ آئی جی خیبر پختونخوا سے طلب کرلیں‘ جسٹس نورالحق این قریشی نے ریمارکس دئیے کہ وفاق کی جانب سے ملزم کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلی رپورٹ جمع نہ کرائی گئی تو عدالت یکطرفہ کارروائی کرے گی‘ عدالت نے ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کیلئے وفاق کے وکیل کی استدعاء منظور کرلی۔

بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی اور وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل کیخلاف حکومت کی جانب سے درج کئے گئے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ ابھی تک جمع نہیں کرائی گئی۔

حکومت کی جانب سے ملزم کیخلاف ہر روز نیا مقدمہ قائم کردیا جاتا ہے جوکہ غیرقانونی ہوتا ہے۔ گذشتہ سماعت پر عدالت نے احکامات جاری کئے تھے کہ ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف جتنے بھی مقدمات قائم کئے گئے ہیں ان کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔ وفاق کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک صرف ایک رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف ممبئی حملہ کیس اور ایک اغواء کا مقدمہ درج ہے۔

یہ رپورٹ صرف پنجاب حکومت کی طرف سے جمع کروائی گئی ہے۔ دیگر صوبوں کی تفصیلی رپورٹ ابھی تک عدالت میں جمع نہیں کروائی جاسکی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے میرے موکل کے دوبارہ 16 ایم پی او کے تحت دوبارہ نظربندی کے احکامات جاری کئے ہیں جن کو چیلنج کیا جارہا ہے۔ عدالت نے وفاق کے وکیل سے استفسار کیا کہ ابھی تک ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف تفصیلی رپورٹ جمع نہیں کروائی گئی۔

وفاق کے وکیل نے عدالت سے استدعاء کی کہ ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم کیخلاف درج کئے گئے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دی جائے۔ عدالت نے استدعاء منظور کرتے ہوئے وفاق کے وکیل کو احکامات جاری کئے ملزم کیخلاف جتنے بھی مقدمات قائم کئے گئے ہیں ان کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے ورنہ عدالت آئندہ پیشی پر یکطرفہ کارروائی کرے گی۔ مذکورہ سماعت کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :