احمد چنائے نے لیا یو ٹرن، متحدہ برہم

بدھ 28 جنوری 2015 12:42

احمد چنائے نے لیا یو ٹرن، متحدہ برہم

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) سیٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کے سربراہ احمد چنائے کے گھر پر رینجرز کی جانب سے مارے جانے والے چھاپے کی متحدہ نے شدید مذمت کی ، لیکن پریس کانفرنس میں احمد چنائے کے یو ٹرن نے متحدہ کو بھی بر ہم کر دیا۔ ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ احمد چنائے نے موقف بدل کر خود کو جھوٹا ثابت کر دیا ہے۔

ایم کیو ایم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ احمد چنائے نے دعوی کیا تھا کہ وہ پریس کانفرنس میں سازش کو بے نقاب کریں گے لیکن ایسا ہرگز نہیں ہوا، متحدہ نے کہا کہ بہتر تھا کہ احمد چنائے پریس کانفرنس ہی نہ کرتے اور اگر کرنی ہی تھی تو حقائق بیان کرتے یا پھر اپنے عہدے سے مستعفی ہو جاتے۔ اس سے قبل ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے رینجرز کی جانب سے احمد چنائے کے گھر پر مارے جانے والے چھاپے کی شدید مذمت کی تھی ان کا کہنا تھا کہ مہاجرین خصوصا میمن برادری کی ملک کے لیے دی گئی قربانیوں لے باوجود اس طرح کا رویہ قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ذلت سے بہتر موت ہے کا نعرہ اب ہر مہاجر کی زبان پر ہو گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روش رینجرز نے احمد چنائے کے گھر چھاپہ مارا تھا جہاں سے اغوا برائے تاوان کے کیسز سے متعلق تفتیش کی تھی۔ اس ھوالے سے احمد چنائے کا بیان بھی سامنے آیا تھا کہ ان کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور وہ پریس کانفرنس کر کے حقائق سے پردہ اٹھائیں گے تاہم اپنی پریس کانفرنس میں احمد چنائے نے کہا کہ نہ تو ان کے گھر پر رینجرز نے چھاپہ مارا اور نہ ہی کسی مغوی نوجوان کو ان کے گھر سے بازیاب کروایا گیا۔