مسلم لیگ (ن) آئین کا دفاع کرنے میں ناکام رہی ہے‘فوجی عدالتوں میں کوئی وکیل پیش نہیں ہوگا، صدر لاہور ہائیکورٹ بار

بدھ 28 جنوری 2015 12:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2015ء) لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت چوہان نے کہا ہے کہ آئین کا ہر صورت میں دفاع کریں گے‘ آئین کا دفاع کرنا سیاسی جماعتوں کا کام تھا جو ہم کررہے ہیں‘ مسلم لیگ (ن) آئین کا دفاع کرنے میں ناکام رہی ہے‘فوجی عدالتوں میں کوئی وکیل پیش نہیں ہوگا‘ بدھ کے روز سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشن کا جمعرات کو لاہور میں کنونشن ہورہا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا جبکہ حامد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پارٹی تحریک انصاف کا کوئی بھی موقف ہو وہ آج بطور وکیل اور قانون دان کے عدالت میں پیش ہوئے ہیں اور وہ بطور قانون دان فوجی عدالتوں کی مخالفت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے اٹارنی جنرل اور دیگر کو نوٹسز جاری کئے ہیں۔ نوٹس کے جواب تک فوجی عدالتوں کا کام کرنا نامناسب ہوگا۔ اس کیلئے انہیں سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔ حکومتوں کے کاموں کا وزن بار ایسوسی ایشنز اٹھا رہی ہیں۔ اس طرح کے معاملات زیادہ دیر تک برداشت نہیں ہوسکتے۔ اس سے ملکی وحدت کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ حکومت کے اس طرح کے اقدامات کرکے معاملات کو خراب نہ کرے۔ حامد خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام وکلاء اکٹھے ہیں اور سب کا اس حوالے سے ایک ہی موقف ہے۔ پاکستان بار کونسل پہلے ہی اس حوالے سے اپنی قرارداد منظور کرچکی ہے۔ اس طرح کے معاملات سے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے۔ کوئی خوش نہ ہو فوجی عدالتوں کے مقدمات میں سیاسی لوگوں کے مقدمات بھی جاسکتے ہیں