بلوچستان، بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کیلئے پولنگ جاری

بدھ 28 جنوری 2015 10:50

بلوچستان، بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کیلئے پولنگ جاری

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جنوری2015ء) بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کے لیے پولنگ جاری ہے ، کوئٹہ کی میئر شپ کیلئے پشتونخوا میپ کے ڈاکٹر کلیم اللہ اور آل پارٹیز ڈیمو کریٹک الائنس کے عبدالقاہر اچکزئی مد مقابل ہیں۔ کوئٹہ سمیت صوبے کے 32 اضلاع میں آج بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں میئر اور ڈپٹی میئر سمیت 725 چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے چناؤ کے لیے پولنگ ہو رہی ہے ۔

10 ہزار 600 کونسلرز ،میئر ، ڈپٹی میئر، چیئرمین ، وائس چیئرمین کا انتخاب کریں گے ۔ پولنگ سے قبل نو منتخب امیدواروں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ۔ ایک میٹرو پولیٹن ، چار میونسپل کارپوریشن ، 32 ڈسٹرکٹ کونسلز ، 54 میونسپل کمیٹیوں اور 635 یونین کونسلز میں انتخابات کے لیے 139 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

کوئٹہ میٹرو پولیٹن کے ایک میئر اور ایک ڈپٹی میئر کے لیے 86 کونسلرزحق رائے دہی استعمال کریں گے ۔

سب سے اہم مقابلہ کوئٹہ کی میئر شپ پر ہے جہاں پشتونخوا میپ کے ڈاکٹر کلیم اللہ اور آل پارٹیز ڈیمو کریٹک الائنس کے عبدالقاہر اچکزئی آمنے سامنے ہیں ۔ ڈپٹی میئر کیلئے مسلم لیگ ن کے یونس بلوچ کا مقابلہ ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے رضا وکیل سے ہوگا ۔ پشتونخواہ میپ ، نیشنل پارٹی، مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین پر مشتمل وطن دوست جمہوری پینل کی پوزیشن مستحکم ہے ۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ میٹرو پولیٹن کی جانب جانے والی سڑک مکمل طور پر بند ہے جبکہ الیکشن کوریج کے لیے میڈیا کو بھی خصوصی اجازت نامے جاری کئے گئے ہیں۔