احمد چنائے نے اپنے گھر پر رینجرز کے چھاپے کے حوالے سے اپنا موٴقف یکسر تبدیل کردیا ، ترجمان ایم کیوایم ،احمد چنائے نے یہ تک کہا کہ اپنی پریس کانفرنس میں اس سازش کے پس پردہ عناصر کو بے نقاب کریں گے، ترجمان،پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے احمد چنائے کی زبان ان کے الفاظوں کا ساتھ نہیں دے رہی تھی، ترجمان، ممتازشہریوں کی جانب سے زیادتیوں کے باوجود خوف کا مظاہرہ کیاجاتا رہے تو دنیا کو اصل حقائق سے کس طرح آگاہ کیاجاسکتا ہے ؟ترجمان

منگل 27 جنوری 2015 23:32

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27جنوری۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے سی پی ایل سی کے چیئرمین احمد چنائے کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ احمد چنائے نے اپنے گھر پر رینجرز کے چھاپے کے حوالہ سے اپنا موٴقف یکسر تبدیل کردیا ہے۔ ایک بیان میں ترجمان نے احمد چنائے کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم ، آپ جیسے شرفاء پر ڈھائی جانے والی زیادتیوں اور ناانصافیوں پر کھل کرآوازاحتجاج بلند کریں لیکن آپ نے نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر ڈر اور خوف سے کام لیتے ہوئے ان تمام بیانات کو یکسر تبدیل کردیا جو آپ نے مختلف اخبارات کے نمائندوں کو ابتداء میں دیئے تھے، حتیٰ کہ آپ نے یہ تک کہا کہ آپ اپنی پریس کانفرنس میں اس سازش کے پس پردہ عناصر کو بے نقاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ ہمیں انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ احمد چنائے نے اپنے موٴقف کو یکسر تبدیل کرکے اپنے آپ کو جھوٹا ثابت کردیا ہے۔ بہتر تھا کہ احمد چنائے پریس کانفرنس ہی نہ کرتے اور اگر کرتے تو اس میں حقائق بیان کرتے اور احتجاجاً اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کااعلان بھی کرتے ۔ترجمان نے کہاکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے تمام صحافی گواہ ہیں کہ پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے احمد چنائے کی زبان ان کے الفاظوں کا ساتھ نہیں دے رہی تھی۔

ترجمان نے کہاکہ اگر ممتازشہریوں کی جانب سے اسی طرح زیادتیوں اورناانصافیوں کے باوجود ڈر اور خوف کا مظاہرہ کیاجاتا رہے اور مصلحت پسندی سے کام لیکر جھوٹ بولا جاتا رہے تو دنیا کو اصل حقائق سے کس طرح آگاہ کیاجاسکتا ہے ؟ اور امن وامان کے قیام کیلئے کتنی ہی CPLCs کیوں نہ بنالی جائیں ان کا بنانا قطعی اور قطعی بے سود ہوگا۔