سربراہ عوامی مسلم شیخ رشید احمد کی ڈاکٹر طاہر القادری سے مدینہ المنورہ میں ملاقات،جب تک یہ حکمران مسلط رہیں گے بحران آتے رہیں گے ،دہشت گردی بھی ختم نہیں ہو گی،ڈاکٹر طاہر القادری، دونوں رہنماؤں کا ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ،رات کا کھانا اکٹھے کھایا

منگل 27 جنوری 2015 23:17

سربراہ عوامی مسلم شیخ رشید احمد کی ڈاکٹر طاہر القادری سے مدینہ المنورہ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27جنوری۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے شیخ رشید نے مدینہ منورہ میں ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ حکمران دہشت گردی جیسی ہی آفت ہیں یہ جب تک مسلط رہیں گے انصاف ملے گا نہ عوام کو چین ملے گا اور نہ ہی دہشت گردی ختم ہو گی یہ صرف بیانات کے ذریعے قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی ،گیس ،پٹرول سمیت اب تک جتنے بھی بحران آئے ان کے پیچھے ان حکمرانوں کی پیسے کی ہوس تھی ثابت ہو گیا کہ ان کا تجربہ صرف خزانہ لوٹنے کا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے ۔

(جاری ہے)

شہیدوں کے بہنے والے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہمیں انصاف دینے کی بجائے الٹا ہمیں نوٹس بھجوائے جا رہے ہیں مگر حکمرانوں کا کوئی ہتھکنڈہ ہمیں مظلوموں کی داد رسی اور ظالموں کو انکے انجام تک پہنچانے سے نہیں ہٹا سکتا ۔

انہوں نے کہاکہ میری جنگ اور جدوجہد پاکستان کے 18کروڑ عوام کو ظلم ، نا انصافی اور کرپشن میں ڈوبے ہوئے ظالمانہ نظام سے آزاد کروانے کیلئے ہے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ قوم آپ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہے اور ڈاکٹر طاہر القادری ظلم کے خلاف ایک طاقت ور آواز اور تحریک کا نام ہے ،قوم منتظر ہے کہ آپ واپس آکر ظلم کے خاتمے کیلئے قوم کی قیادت اور علمی و فکری سطح پر رہنمائی کریں ۔دونوں رہنماؤں نے رات کا کھانا اکٹھے کھایا۔شیخ رشید نے ڈاکٹر طاہر القادری کو دھاندلی کے حوالے سے حکمرانوں کے دوہرے معیار اور دہشت گردی کے حوالے سے منافقانہ طرز عمل کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا ۔سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ ظلم کے خلاف جو شخص ،ادارہ،جماعت آواز اٹھائے گی ہم ساتھ ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :