اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مخالفت کرنے والا بھارت سلامتی کونسل کا مستقل رکن نہیں بن سکتا ،مشیر خارجہ ، براک اوباما کے دورہ بھارت کے دوران ہونے والے معاہدوں اور بیانات کا جائزہ لے رہے ہیں، بھارت امریکا نیو کلیئر معاہدہ جنوبی ایشیا میں استحکام پر اثرات ڈالے ، سمجھوتہ ایکسپریس حملے کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے ، سرتاج عزیز

منگل 27 جنوری 2015 22:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27جنوری۔2015ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مخالفت کرنے والا بھارت سلامتی کونسل کا مستقل رکن نہیں بن سکتا ، براک اوباما کے دورہ بھارت کے دوران ہونے والے معاہدوں اور بیانات کا جائزہ لے رہے ہیں، بھارت امریکا نیو کلیئر معاہدہ جنوبی ایشیا میں استحکام پر اثرات ڈالے ، سمجھوتہ ایکسپریس حملے کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مخالفت کرنے والا ملک بھارت سلامتی کونسل کا مستقل رکن نہیں بن سکتا،پاکستان امتیاز پر مبنی پالیسیوں کی مخالفت کرتا ہے اور اپنے قومی سلامتی مفادات کے تحفظ کا حق رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ براک اوباما کے دورہ بھارت کے دوران ہونے والے معاہدوں اور بیانات کا جائزہ لے رہے ہیں، بھارت امریکا نیو کلیئر معاہدہ جنوبی ایشیا میں استحکام پر اثرات ڈالے گا جبکہ پاکستان بھارت کیلئے نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت کی مخالفت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت اکثر رکن ممالک سلامتی کونسل میں جامع اصلاحات کے حامی ہیں انہوں نے کہاکہ امریکا جنوبی ایشیاء میں استحکام اور توازن کیلئے مثبت کردار ادا کرے۔ انہوں نے بھارت سے سمجھوتہ ایکسپریس حملے کے ذمہ داروں اور منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا۔