عوام کے تعاون سے صوبے میں انسداد خسرہ مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے‘ خواجہ سلمان رفیق

منگل 27 جنوری 2015 14:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء )مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں عوام کے تعاون سے جاری 12روزہ انسداد خسرہ مہم کی بھرپور مانیٹرنگ کریں اور تمام قصبوں ، دیہاتوں، گلی اور محلوں میں ٹیکے لگانے والی ٹیموں کی پہنچ یقینی بنائیں تاکہ خسرہ کے خلاف 6ماہ سے 10سال تک کی عمر کے 2کروڑ 80لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین کا ٹیکہ لگانے کا ٹارگٹ حاصل کیا جاسکے۔

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں صوبے میں انسداد خسرہ مہم کے سلسلہ میں فالو اپ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹرزاہد پرویز، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل ) ڈاکٹر سلمان شاہد، ڈائریکٹر ہیلتھ(ای پی آئی) ڈاکٹر منیر احمد اور ای ڈی او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر ذوالفقار علی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پولیو اور خسرہ کے خلاف خصوصی مہم کے ساتھ ساتھ بچوں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے حفاظتی ٹیکوں کی روٹین ایمونائزیشن کی کوریج پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے اور سسٹم کی خرابیوں کو کافی حد تک دور کردیا گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ ویکسینیٹرز کو اینڈ رائڈ سیل فون فراہم کئے گئے ہیں جس سے ان کی مانیٹرنگ بہتر ہوگئی ہے اور ویکسنٹرز کی خالی آسامیوں کو بھی پر کردیا گیاہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اور چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل نے 12روزہ انسداد خسرہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز کو خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام ڈی سی او زصاحبان اپنے اپنے ضلع میں خسرہ کے خلاف مہم کی مانیٹرنگ اور اسے کامیاب بنانے کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں خسرہ مہم کو کامیاب بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی کے ہم متحمل نہیں ہوسکتے۔ قبل ازیں ڈائریکٹر ہیلتھ ای پی آئی ڈاکٹر منیر احمدنے بنایا کہ پورے صوبے میں نہایت احسن طریقہ سے انسداد خسرہ مہم جاری ہے اورعوام بھرپور تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو ٹیکے لگوانے کے لیے ہسپتالوں، ہیلتھ سنٹروں اور محکمہ صحت کی ٹیموں کے پاس لا رہے ہیں اور پرائمری سکولوں میں بھی ٹیکے لگائے جارہے ہیں۔

ڈاکٹر منیر نے بتایا کہ خسرہ مہم کا تقریباً 60فیصد ٹارگٹ سکولوں میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مہم کے پہلے دن صوبے میں مجموعی طور پر 27لاکھ 43ہزار جبکہ لاہور میں2لاکھ 43ہزار سے زائد بچوں کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ یہ مہم9فروری تک جاری رہے گی۔