پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کا سینیٹ الیکشن میں اتحاد اور قومی اسمبلی میں مل کر اپوزیشن کا کردار ادا کرنے پر اتفاق

منگل 27 جنوری 2015 14:34

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء) پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کا سینیٹ الیکشن میں اتحاد اور قومی اسمبلی میں مل کر اپوزیشن کا کردار ادا کرنے پر اتفاق ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو کی مسلم لیگ(ق) کے صدر چوہدری شجاعت سے ملاقات ۔ملاقات میں ملک کی سیاسی اور امن وامان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مارچ میں ہونے والے سینیٹ الیکشن اور قومی اسمبلی میں مل کر اپوزیشن کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔بعد ازاں مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت نے منظور کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال خراب ہے ۔پٹرول کا بحران پیدا کر کے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی ۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کے لئے ترقیاتی منصوبے شروع کئے تھے جو موجودہ حکومت نے بند کر دیئے ہیں ۔پرویز الٰہی کے تمام منصوبے بھی بند ہوگئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ منظور وٹو کے ساتھ سینٹ الیکشن پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں ۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو نے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی اور امان و امان کی صورت حال خراب ہے اور حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔ہمارے دوستوں نے بدترین ڈکٹیٹر شپ قائم کی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ پٹرول بحران حکومت کی نا اہلی ہے اس کی ماضں میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بند کر دیا گیا ہے ۔لوگوں کو دیئے گئے کارڈ بھی ناکارہ ہوگئے ہیں۔منظور وٹو نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اپوزیشن اپنا کردار ادا کرے کیونکہ ملک کی امن وامان اور سیاسی صورت حال ابتر ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں عمران خان سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں اور حکومت کے لئے کھلا میدان نہ چھوڑے۔