میڈیا معاشرے سے خوف کی فضاء کو دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، پرویز رشید

منگل 27 جنوری 2015 13:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جنوری 2015ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ صحافیوں کوتحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں ،صحافی محفوظ نہیں ہوں گے تو میڈیا آزادی سے کام نہیں کر سکے گا،میڈیا کو معاشرے سے خوف کی فضاء کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز صحافیوں کو تحفظ کے حوالے سے عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے شہید ہونے والے صحافیوں کے ورثاء کے لئے 10,10 لاکھ جبکہ زخمی صحافیوں کے لئے3,3 لاکھ امداد کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی محفوظ نہیں ہوں گے تو میڈیا آزادی سے کام نہیں کر سکے گا۔پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کا سامنا ہے ،دہشت گرد اپنے نظریات زبردستی مسلط کرنا چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے چند سال سے پاکستان صحافیوں کے لئے خطرناک ملک بن چکا ہے۔

صحافیوں کے تحفظ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں ۔پرویز رشید نے کہا ہے کہ میڈیا لوگوں کو معلومات کے ساتھ ساتھ آگاہی بھی فراہم کررہا ہے ۔حکومت صحافی برادری کی بہتری کے لئے کام کررہی ہے اور صحافیوں کے استعداد کار بڑھانے کے لئے حکومت نے کئی پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔انہوں نے میڈیاسے اپیل کی کہ وہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے معاشرے سے خوف کی فضاء کو دور کرنے کے لئے اقدامات کرے۔