مردان، مضافاتی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن ، متعدد علاقوں میں کرفیو ، آپریشن کے دوران ایک مطلوب دہشت گرد ہلاک ، ایک اہلکار ز خمی ہوگیا

پیر 26 جنوری 2015 19:21

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26جنوری۔2015ء) مردان کے مضافاتی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن ، متعدد علاقوں میں کرفیو، آپریشن کے دوران ایک مطلوب دہشت گرد ہلاک ، جبکہ ایک اہلکار ز خمی ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق پشاور سکول پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں ۔اس سلسلے میں سکیورٹی فورسز نے مردان کے نواحی علاقوں کاٹلنگ ، شموزئی ،بابوزئی ، جمال گڑھی ، بابینی ، گجرات، دبئی اڈا ،ساولڈھیر اور دیگر علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے سرچ اپریشن شروع کر دی اور کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

اس سلسلے میں پیر کے روز سیکیورٹی فورسز نے کاٹلنگ کے علاقے میں اپریشن شروع کر دی جبکہ اس دوران بد نام زمانہ دہشت گرد گل قادر نامی شخص کے مکان پر فورسز نے چھاپہ مارا جس کے دوران مذکورہ دہشت گرد اور اس کے بیٹوں نے فورسز پر فائرنگ کھول دی جس کے نتیجے میں ایک جوان زخمی ہو گیا جبکہ جوابی فائرنگ سے گل قادر بھی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے بیٹے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق فورسز نے جمال گڑھی ، شموزئی ، بابوزئی اور سیکرے بابا سمیت کئی علاقوں کی ناکہ بندی کر کے وہاں کرفیو نافذ کر دی تھی ۔ یاد رہے کہ فورسز کے ساتھ ساتھ پولیس نے بھی مردان کے نواحی علاقوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے سرچ اپریشن شروع کررکھی ہے اور درجنوں کی تعداد میں مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :