وزیراعظم محمد نواز شریف سے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی ملاقات، ملک میں پاور سپلائی کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا

اتوار 25 جنوری 2015 23:11

وزیراعظم محمد نواز شریف سے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی ملاقات، ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25جنوری۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف سے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے اتوار کی شب یہاں ملاقات کی اور انہیں گزشتہ رات ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن کے تناظر میں ملک میں پاور سپلائی کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر بتایا کہ سسٹم کو بتدریج معمول کی طرف واپس لایا جارہا ہے، تین پلانٹس کو قومی گریڈ سے منسلک کر دیا گیا اور چند گھنٹوں میں بڑے پیمانے پر سسٹم بحال ہو جائے گا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ بجلی کی فراہمی میں تعطل گزشتہ 10روز میں ہونے والے تخریب کاری کے واقعات کی وجہ سے ہوئی ہے جن میں سے 2واقعات گزشتہ دو راتوں میں ہوئے اور جعمہ کی رات ہونے والا حملہ گیس پائپ لائن پر ہوا جسے اوگرا نے 13گھنٹوں بعد بحال کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں بجلی کا تعطل ترسیلی نظام میں کسی خرابی کی وجہ سے نہیں ہوا۔

وفاقی وزیر پانی و بجلی نے وزیراعظم کو بتایا کہ گزشتہ رات اوچ میں ٹرانسمیشن لائن کو دھماکہ سے اڑا دیا گیا جس کے باعث گڈو پاور پلانٹ ٹریپ کر گیا جو بریک ڈاؤن کا باعث بنا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے وفاقی وزارت پانی و بجلی اور متعلقہ صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کیلئے بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے کام کر رہی ہے اور تمام متعلقہ حکام مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کو یقینی بنائیں۔