مولوی صاحبان کو اب خودکش حملوں کے خلاف کھل کرفتوے دینے ہونگے، فاروق ستار، اگر دس سال پہلے الطاف بھائی کی بات مان لی جاتی ہے تو سانحہ پشاورجیسے واقعات نہ ہوتے، 16 دسمبر کا واقعہ انسانی تاریخ کا بد ترین اور سفاک سانحہ ہے جب معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا،،ایم کیوایم کے رہنماء کی پشاورمیں تقریب سے خطاب

اتوار 25 جنوری 2015 22:58

مولوی صاحبان کو اب خودکش حملوں کے خلاف کھل کرفتوے دینے ہونگے، فاروق ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25جنوری۔2015ء) متحدہ قومی مومنٹ کے رہنماء فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگر دس سال پہلے الطاف بھائی کی بات مان لی جاتی ہے تو سانحہ پشاورجیسے واقعات نہ ہوتے ، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک سکون سے نہیں بھٹیں گے پشاور پریس کلب میں آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں کے چہلم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھاکہ اگر حکمران 10 سال پہلے ہوش کے ناخن لیتے ہوئے قائد تحریک الطاف حسین کی بات مان لیتے تو آج سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کو رونما ہونے سے روکا جاسکتا تھا، قوم کا مستقبل بچانے کے لئے اس جنگ کو ہر حال میں جیتنا ہوگا۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے جو دس سال پہلے کہا تھا آج سانحہ آرمی پبلک سکول کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کا بھی وہی موقف بن گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کو واقع انسانی تاریخ کا بد ترین اور سفاک سانحہ ہے جب معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا۔ فاروق ستار نے مزید کہا کہ فوجی عدالتوں کا قیام اس مسئلے کا مکمل حل نہیں تاہم ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرکے اپنے ارد گرد پر نظر رکھنا ہوگی تاکہ دشمن غاروں سے نکل کر پھر ہم پر حملہ آور نہ ہوسکے ۔

انکا کہنا تھا کہ تمام سیاسی و مذہبی قائدین خود کش حملوں اور دہشت گردی کے خلاف ایک ہوجائیں کیونکہ یہ جنگ اب ہماری ہے اور ہم نے اپنے روشن مستقبل کے لئے ہر حال میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنا ہوگی ۔فاروق ستارکاکہنا تھا کہ مولوی صاحبان کو اب خودکش حملوں کے خلاف کھل کرفتوے دینے ہونگے، الطاف بھائی کبھی بھی شہداء کے لواحقین کومایوس نہیں کریں گے۔فاروق ستارنے آرمی پبلک سکول کے شہداء کونشان حیدر اوردہشت گردی سے متاثرہ شہر پشاورکوسول اعزاز سے نواز نے کابھی مطالبہ کردیا۔ تقریب سے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل ، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن اسلم شاہ آفریدی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور سانحہ آرمی پبلک سکول کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔