حکومتی نااہلی کی وجہ سے جمہوریت اور ریاست کمزور ہو رہی ہے ، سید خورشید شاہ ،حکومت کو اپنی ناکامی تسلیم کرتے ہوئے اصلاح کے لئے فوری اقدامات کرنے ہوں گے ،شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا کو معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر کے ذمہ دار آئی جی آفس میں موجود افراد ہیں ،اپوزیشن لیڈر کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 25 جنوری 2015 22:01

اسلام آباد/سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25جنوری۔2015ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے جمہوریت اور ریاست کمزور ہو رہی ہے ،حکومت کو اپنی ناکامی تسلیم کرتے ہوئے اصلاح کے لئے فوری اقدامات کرنے ہوں گے ۔اپنے بیان میں سید خورشید شاہ نے کہا کہ پہلے پیٹرول بحران سے ملک کو 10 ارب روپے یومیہ نقصان ہوا اور اب بجلی کے بحران سے معیشت تباہ ہورہی ہے حالانکہ فرنس آئل کی قلت کی وجہ سے بجلی بحران سے بروقت آگاہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو مزید بیوقوف نہ بنائے اور اپنی ناکامی تسلیم کرتے ہوئے اصلاح کے لئے فوری اقدامات کرے کیونکہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے جمہوریت اور ریاست کمزور ہو رہی ہے تاہم حکومت اپنا سیاسی رویہ ترک کرنے کے لئے تیار نہیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پنو عاقل میں پولیس ہیلپ لائن سروس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ سکھر کے تھانوں کی حالت انتہائی خراب ہے۔

تھانوں کی تعمیراتی کام کے لئے آئی جی سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ فرائض کی انجام دہی کرتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکاروں کے ورثا کو جلد پولیس ڈپارٹمنٹ میں ملازمتیں دی جائیں۔خورشید شاہ نے کہاکہ شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا کو معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر کے ذمہ دار آئی جی آفس میں موجود افراد ہیں۔