وزیر خزانہ کی پاک برونائی انوسٹمنٹ کمپنی کی پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے فنانسنگ اور سرمایہ کاری کی تعریف ،امید ہے کمپنی اپنے منصوبوں کو وسعت دے گی ، اسحا ق ڈار کا اجلاس سے خطاب ،کمپنی کے مضاربہ فنڈ کے اجراء کا کام حتمی مرحلہ میں ہے یہ فنڈ2015ء میں قائم کردیا جائے گا ،ایم ڈی کی بریفنگ

اتوار 25 جنوری 2015 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25جنوری۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاک برونائی انوسٹمنٹ کمپنی کی جانب سے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درج کے کاروبار کیلئے فنانسنگ اور سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ کمپنی اپنے منصوبوں کو وسعت دے گی۔ وہ اتوار کو پاک برونائی انوسٹمنٹ کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اس موقع پر کمپنی کی ایم ڈی عائشہ عزیز نے کہا کہ کمپنی نے8 سال قبل تین ارب روپے سے سرمایہ کاری کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی سرمایہ کاری کا حجم9 ارب روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے پہلی ایس ایم ای برانچ کا افتتاح 2014ء میں لاہور میں کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ان کی کمپنی پاکستان کے مختلف حصوں میں ایس ایم ای برانچیں بڑھائے گی۔

ایم ڈی عائشہ عزیز نے کہا کہ کمپنی کے مضاربہ فنڈ کے اجراء کا کام حتمی مرحلہ میں ہے یہ فنڈ2015ء میں قائم کردیا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاک برونائی انوسٹمنٹ کمپنی کی ایس ایم ایز فنانسنگ اور ایم ای کے لئے فنانسنگ اور اس کی 100 فیصد واپسی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ کمپنی پاکستان میں اپنی فنانسنگ اور سرمایہ کاری کو مزید وسعت دے گی۔

متعلقہ عنوان :