پاکستان اور چین کا دفاعی شعبے ، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق، پاکستان اور چین اہم اسٹریٹجک پارٹنر ہیں ،دہشت گردی کیخلاف پاکستانی قوم کی قربانیوں کو سراہتے ہیں ، چین،دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعاون ضروری ہے ،دہشت گردی کوجڑ سے اکھاڑنے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے ،آرمی چیف

اتوار 25 جنوری 2015 21:49

پاکستان اور چین کا دفاعی شعبے ، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور ٹریننگ ..

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25جنوری۔2015ء) پاکستان اور چین نے دفاعی شعبے ، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک تعاون ضروری ہے ،دہشت گردی کوجڑ سے اکھاڑنے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل راحیل شریف کو پیپلزلبریشن آرمی ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد سربراہ پاک فوج نے اپنے منصب سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ طویل مدتی دفاعی تعلقات بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں سربراہان نے دہشتگردی کے خلاف بھرپور تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے سیکیورٹی اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور ٹریننگ کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پراتفاق کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بیجنگ میں چین کے وائس چیرمین سینٹرل ملٹری کمیشن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کی اعلیٰ ترین عسکری قیادت نے خطے میں امن و امان کی صورت حال اور ملکی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران وائس چیرمین سینٹرل ملٹری کمیشن نے پاکستان کو دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کو سراہا، انہوں نے کہاکہ پاکستان اورچین اہم اسٹریٹجک پارٹنر ہیں، چین دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم کی قربانیوں اورقومی اتفاق رائے کو سراہتاہے۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، دہشت گردی کوجڑ سے اکھاڑنے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے اور اس سلسلے میں آپریشن ضرب عضب دہشتگردوں کے خلاف بلاتفریق اور فیصلہ کن کارروائی ثابت ہورہا ہے۔

متعلقہ عنوان :