آئندہ دہشت گردی کی صورت میں بجلی کا بحران پیدا نہیں ہونے دیا جائے گا، متبادل انتظامات کئے جائیں گے،عابد شیر علی ، دہشت گرد ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں مگر ان کے عزائم ہر صورت ناکام بنا دیئے جائیں گے، وزیراعظم کی ہدایت پر آئندہ دو یوم میں بلوچستان کا دورہ کر ونگا اور وہاں کے وزیر اعلیٰ اور دیگر حکام سے مل کر امن و عامہ کی صورت کو بہتر بنانے کیلئے تمام انتظامات کئے جائیں گے، خصوصی گفتگو

اتوار 25 جنوری 2015 21:26

آئندہ دہشت گردی کی صورت میں بجلی کا بحران پیدا نہیں ہونے دیا جائے گا، ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25جنوری۔2015ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ آئندہ دہشت گردی کی صورت میں بجلی کا بحران پیدا نہیں ہونے دیا جائے گا اور اس سلسلہ میں متبادل انتظامات کئے جائیں گے ، دہشت گرد ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں مگر ان کے عزائم ہر صورت انشاء اللہ ناکام بنا دیئے جائیں گے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر آئندہ دو یوم میں وہ بلوچستان کا دورہ کریں گے اور وہاں کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک اور دیگر حکام سے مل کر امن و عامہ کی صورت کو بہتر بنانے کیلئے تمام انتظامات کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات دہشت گردی کا جو واقعہ پیش آیا اسکی وجہ سے پنجاب اور سندھ کے علاوہ دیگر مقامات پر جو عوام کو مشکلات اٹھانی پڑیں اس کیلئے حکومت اور وزارت پانی و بجلی معذرت خواہ ہے ۔

(جاری ہے)

میں نے گزشتہ رات مسلسل بجلی کی سپلائی کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے اور بارہ بجے سے لے کر صبح چھ بجے تک تمام کام کی نگرانی کی اور بجلی کی بحالی کیلئے تمام معاملات کو برائے راست مانیٹر کیا جس کی وجہ سے صبح بجلی کی بحالی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ آئندہ ایسے انتظامات کئے جائیں گے کہ دوبارہ اگر دہشت گردی کا واقعہ ہو بھی جاتا ہے تو اس کا متبادل انتظام ہمارے پاس موجود ہوگا۔

اس سلسلہ میں سکیورٹی انتظامات کیلئے مزید مختلف اداروں سے مددلی جائے گی۔ جن میں مختلف حکومتی اور سکیورٹی اداروں رینجرز اور مسلح افواج بھی شامل ہوں گی۔ عابد شیر علی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے جس جذبہ کے تحت حکومت اور مسلح افواج نے کوشش شروع کر رکھی ہے اس سے ان کے حوصلے پست ہوچکے ہیں اور وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں مگر ان کے یہ عزائم کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کردی ہے کہ آئندہ بجلی کا اس طرح کا تخریب کاری کا واقعہ پیش آئے تو اس کے متبادل فوری انتظامات کے تحت بجلی سپلائی کی بحالی ہونی چاہیے عابد شیر علی نے آن لائن کومزید بتایا کہ یہ منصوبے ایک سازش کے تحت عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ فرنس آئل یا دوسری پیٹرولیم مصنوعات کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جو کہ سراسر غلط اور بے بنیاد ہیں۔ انشاء الله بجلی کے بحران پر جلد قابو پالیا جائے گا فرنس آئل کے ذخائر موجود ہیں اور آئندہ چند یوم میں مزید آئل پاکستان پہنچ جائے گا۔