Live Updates

تحریک انصاف 2013 کے انتخابات کے حوالے سے منظم دھاندلی کے موقف پر آج بھی قائم ہے،اسدعمر، اور جن لوگوں نے دھاندلی کی ہے جب تک اُن کی سزا نہیں ملے گی پاکستان میں حقیقی جمہوریت قائم نہیں ہوسکتی ، تحریک انصاف پاکستان کے بہتر مستقبل اور حقیقی جمہوریت کے لیے الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کررہی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججوں پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم ہواور جن کی سربراہی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس خود کریں تاکہ آئندہ پاکستانی قوم کے مینڈیٹ کو تحفظ مل سکے اور قوم کا انتخابات پر اعتماد دوبارہ بحال ہوسکے ،پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 25 جنوری 2015 20:48

تحریک انصاف 2013 کے انتخابات کے حوالے سے منظم دھاندلی کے موقف پر آج بھی ..

کر اچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25جنوری۔2015ء) تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف گزشتہ انتخابات کے حوالے سے منظم دھاندلی کے موقف پر آج بھی قائم ہے اور جن لوگوں نے دھاندلی کی ہے جب تک اُن کی سزا نہیں ملے گی پاکستان میں حقیقی جمہوریت قائم نہیں ہوسکتی ۔ تحریک انصاف پاکستان کے بہتر مستقبل اور حقیقی جمہوریت کے لیے 2013کے الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کررہی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججوں پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم ہواور جن کی سربراہی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس خود کریں تاکہ آئندہ پاکستانی قوم کے مینڈیٹ کو تحفظ مل سکے اور قوم کا انتخابات پر اعتماد دوبارہ بحال ہوسکے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کراچی کے مرکزی میڈیا سیل میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر علی زیدی ، اراکین سندھ اسمبلی ثمر علی خان اور دیگر بھی موجودتھے ۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ آئین کے آرٹیکل 218/3الیکشن کمیشن کو اس بات کا پابند کرتی ہے کہ وہ صاف شفاف کا الیکشن کا انعقاد کرائیں ۔

اسد عمر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور معروف قانون دان اعتزاز احسن نے جس طرح 2013کے الیکشن کی دھاندلی پر وائٹ پیپر جاری کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے اور اُس وائٹ پیپر میں 2013کے الیکشن میں دھاندلی کے حوالے سے جامعہ رپورٹ موجود ہے ۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ حکمران کان کھول کر سن لیں کہ تحریک انصاف کی قیادت یہ نہیں چاہتی کہ عوام ایکبار پھر سڑکوں پر ہوں کیونکہ اس وقت پاکستانی فوج سانحہ پشاور کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اس آپریشن کی ہم بھر پور حمایت کرتے ہیں اور ہم نہیں چاہتے کہ اس نازک موقع پر ملک میں سیاسی عدم استحکام ہولیکن اگر حکمرانوں نے تحریک انصاف کے موقف کو ترجیح نہیں دی اور جوڈیشل کمیشن کا انعقاد کو یقینی نہیں بنایا گیا تو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ایکبار پھر عوام سے اپیل کرنے پر مجبور ہونگے اور پاکستان قوم چیئرمین عمران خان کے شانہ بشانہ کراچی سے لیکر خیبر تک سڑکوں پر ہونگے اور حالات کے خرابی کی تمام تر ذمہ داریاں وفاقی حکومت پر عائد ہونگی ۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں آئندہ ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں جس طرح نگران حکومت قائم کی جارہی ہے جس میں مسلم لیگ ن سے وابستہ وزیر بشارت اللہ کو لیا گیا ہے اُس سے حکمرانوں کی نیت کا پتہ چل جاتا ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھی دھاندلی کے ذریعے جیتنا چاہتے ہیں اگر وفاقی حکومت نے اپنا رویہ درست نہیں کیا تو تحریک انصاف گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ مل کر بھر پور احتجاج کرینگے اور گلگت بلتستان میں انتخابات نہیں ہونے دینگے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر علی زیدی نے کہا کہ میرا حکمرانوں سے ایک سوال ہے کہ پارلیمنٹ کے فلور پر تمام سیاسی جماعتوں نے 2013کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی پر آواز اٹھائی ، آج شہر کراچی میں میڈیا کے توسط سے ایک سروے کیا جائے تو کراچی کا ہر شہری یہ کہنے پر مجبور ہوگا کہ 2013کے الیکشن میں زبردست دھاندلی ہوئی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپر اور کاؤنٹر سلیپ پر انگھوٹے کے نشان کے لیے کیوں کہا لیکن ہم یہ سمجھتے کہ اس لیے کہا گیا تھا کسی کو بھی اعتراض ہو تو وہ ان فنگر پرنٹس کو نادرا کے ذریعے چیک کرواسکتے ہیں۔

2013کے انتخابات میں جس طریقے سے دھاندلی کی گئی ان کی رپورٹس الیکٹرانک میڈیا ، پرنٹ میدیا اور سوشل میڈیا پر آج بھی موجود ہیں ۔ میں حیثیت ایک شہری سپریم کورٹ آف پاکستان سے عاجزانہ درخواست کرتا ہوں کہ وہ پاکستانی قوم کے چرائے گئے مینڈیٹ کے خلاف سوموٹو ایکشن لیں تاکہ عوامی مینڈیٹ کو چرانے والوں کا احتساب ہوسکے اور عوام کے ووٹ کو تحفظ مل سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف پاکستان میں حقیقی جمہوریت ، انصاف کے حصول کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات