ملک کیساتھ جڑے ہوئے دیرینہ مسائل کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کر کے آگے بڑھ رہے ہیں ‘ نواز شریف

سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں ،قوم اپنے اتحاد سے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کرکے دم لے گی

اتوار 25 جنوری 2015 17:49

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) وزیرا عظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام کی زندگیوں میں آسودگی لانے اور ملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ،ملک کے ساتھ جڑے ہوئے دیرینہ مسائل کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کر کے آگے بڑھ رہے ہیں ،سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں ،قوم اپنے اتحاد سے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کرکے دم لے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رو ز جاتی امراء رائے ونڈ میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات میں ملک میں بجلی کے بریک ڈاؤن ، دہشتگردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ، سینیٹ انتخابات ،صوبے سمیت ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور امریکی صدارت باراک اوبامہ کے ہمسایہ ملک بھارت کے دورہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وزیر اعظم کو امن و امان کے لئے جاری کئے گئے مختلف آرڈیننسوں کے اجراء سمیت تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظاما ت پر بھی بریفنگ دی ۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو صوبے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بھی اعتماد میں لیا اور ان سے رہنمائی حاصل کی ۔ بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے موقع پر پارٹی امور ،مارچ میں ہونے والے سینیٹ انتخابات اورامریکی صدر باراک اوبامہ کے ہمسایہ ملک بھارت کے دورے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بجلی کے بریک ڈاؤن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور وزارت پانی وبجلی کی جانب سے اس حوالے سے پیش کی جانے والی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق وزارت پانی وبجلی کی جانب سے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ملک میں ہونے والے بریک ڈاؤن کی وجوہات کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ بھی وزیر اعظم کو پیش کر دی گئی ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں نصیرآباد ڈویژن میں دہشتگردوں کی جانب سے گڈو سے سبی جانے والی مرکزی ٹرانسمیشن لائن کی تباہی بریک ڈاؤن کی مرکزی وجہ بنی ۔ تحریب کاری کے واقعے کے فوری بعد متعلقہ اداروں نے کام کا آغاز کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :