وفاقی حکومت نیشنل گریڈ سے کراچی کو ملنے والی 650 میگاواٹ بجلی میں کسی قسم کی کمی نہ کرے،وزیراطلاعات سندھ

ایک میگاواٹ کی کمی بھی قبول نہیں کریں گے،چندوفاقی وزراء معاہدے کی توسیع کی رہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کررہے ہیں،شرجیل میمن

اتوار 25 جنوری 2015 16:56

وفاقی حکومت نیشنل گریڈ سے کراچی کو ملنے والی 650 میگاواٹ بجلی میں کسی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نیشنل گریڈ سے کراچی کو ملنے والی 650 میگاواٹ بجلی میں کسی قسم کی کمی نہ کرے۔ہم ایک میگاواٹ کی کمی بھی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ چند وفاقی وزراء معاہدے کی توسیع کی رہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کررہے ہیں۔وزیر اعظم فوری طوری پر وفاق اور صوبوں کے مابین نفرتیں بڑھانے کی سازش کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیں۔

اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی ملک کی معیشت کا 70 فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے اور وفاق سے کے الیکٹرک کو بجلی کی فراہمی کے معاہدے میں اگر کوئی رکاوٹ ڈالی گئی تو اس کا براہ راست اثر ملکی معیشت پر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کو ملنے والی 650 میگاواٹ بجلی وفاق مفت یا کسی کم نرخ پر نہیں بلکہ اسی نرخ پر فراہم کرتا ہے، جس نرخ پر وفاق دیگر صوبوں کو بجلی فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر کے الیکٹرک کے 650 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے معاہدے میں توسیع کرے بصورت دیگر کے الیکٹرک کو وفاق سے بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی کا براہ راست فرق ملکی معیشت پر پڑے گا۔شرجیل میمن نے کہا کہ چند وفاقی وزراء اس معاہدے کی توسیع میں جان بوجھ کر رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں اور وہ اس ملک کی معیشت کو تباہی کی جانب گامزن کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں اس لئے وزیر اعظم فوری طور پر ان وزراء کے خلاف ایکشن لیں اور انہیں اس طرح سے وفاقی حکومت اور صوبوں کے مابین تنازعات پیدا کرنے سے باز رکھیں۔

انہوں نے گذشتہ شب کراچی سمیت سندھ بھر میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کی بھی تحقیقات کرنے اور اس کے اسباب کو عوام کے سامنے لانے کا بھی وفاق سے مطالبہ کیا ہے۔