پاکستان کے سستے نرخوں پر گیس فراہمی سے انکار کے بعد سعودی عرب کی الطوارقی سٹیل ملزکو سستی گیس فراہم کرنے کی پیشکش

الطوارقی سٹیل مل اپنا پلانٹ پاکستان سے سعودی عرب منتقل کرے ، 70سینٹ فی ایم ایم بی ٹی یو پر گیس فراہم کریں گے ؛سعودی عرب؛ پلانٹ پاکستان سے سعودی عرب منتقل کرنے کی تیاریاں شروع

اتوار 25 جنوری 2015 16:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) پاکستان کی جانب سے سستے نرخوں پر گیس کی فراہمی سے انکار کے بعدکاروبار بند کرنے والی سعودی کمپنی الطوارقی سٹیل ملزکو سعودی عرب نے سستی گیس فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب پلانٹ منتقل کرنے کی صورت میں الطورقی سٹیل کو 70سینٹ فی ایم ایم بی ٹی یو کے نرخ پر گیس فراہم کر جائیگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الطوارقی سٹیل مل کی انتظامیہ نے پاکستان سے درخواست کی تھی کہ اسے پاکستان میں اپنا پلانٹ چلانے کیلئے 123روپے فی ملین میٹرک برٹش تھرمل یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو)کے نرخوں پر گیس درکار ہے تاہم پاکستان نے ان نرخوں پر گیس فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسے اس ضمن میں پانچ سال کیلئے 25ارب روپے کی سبسڈی برداشت کرنا پڑے گی ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پاکستان میں سعودی سفیر نے بھی کئی بار یہ معاملہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ اٹھایا تاہم انہوں نے بھی مذکورہ نرخوں پر گیس فراہمی سے معذرت کی۔ادھر فنانس ڈویژن اور وزارتِ پٹرولیم نے بھی اس منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہ حکومت قانونی طور پر کم نرخوں پر گیس فراہم کرنے کی پابند نہیں ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق اس پر الطوارقی سٹیل نے پاکستان کو بلا ادائیگی سٹیل مل میں 17فیصد کی حصے داری کی پیشکش بھی کی تاہم پاکستان میں ایک مافیا الطواقی سٹیل مل کے پلانٹ کو خریدنا چاہتا تھا اور اس نے اس مسئلے کے حل میں بڑی روکاوٹ کھڑی کی۔

اس اثناء میں اب سعودی عرب نے الطوارقی سٹیل مل کو اپنا پلانٹ پاکستان سے سعودی عرب منتقل کرنے پر 70سینٹس فی ملین میٹرک برٹش تھرمل یونٹ( ایم ایم بی ٹی یو)کے نرخ پر گیس فراہم کرنے کی پیشکش کر دی ہے،جسے قبول کرتے ہوئے اطوارقی سٹیل نے اپنا پلانٹ پاکستان سے سعودی عرب منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق ان حالات میں جب پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے،اس قسم کے حکومتی فیصلے سے ملک اقتصادی شرح نمو پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔