وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے صدیق الفاروق

امن کی بحالی کیلئے تمام سیاسی ، مذہبی ، جماعتیں متحد ہیں  تارکین وطن ملک میں سرمایہ کاری کریں تقریب سے خطاب

اتوار 25 جنوری 2015 15:11

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 25جنوری 2015ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء و چیئرمین متروکہ املاک بورڈ صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے ۔ امن کی بحالی کیلئے تمام سیاسی ، مذہبی ، جماعتیں متحد ہیں ۔ تارکین وطن ملک میں سرمایہ کاری کریں ان کو تمام سہولیات فراہم کرینگے ۔

آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن آئندہ الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرئیگی ۔ آزاد خطہ کے عوام کی مایوسی دور کرینگے ۔ میاں محمد نواز شریف آزاد خطہ کی تعمیروترقی کیلئے خاص ویژن رکھتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے رہنماء راجہ اعجاز دلاور خان کی طرف سے دئیے گئے اپنے اور برطانوی صنعتکار چوہدری بشیر اور چوہدری شکیل کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

استقبالیہ تقریب میں کٹھاڑ دلاور خان سے چوہدری یونس، چوہدری غفار، چک سواری کے بزنس مین چوہدری فضل داد ، چوہدری رفیق ، رٹہ سے چوہدری شہزاد، اسلام آباد سے ملک احمد اقبال نے بھی شرکت کی ۔ تارکین وطن برطانوی صنعتکار وں نے صدیق الفاروق سے کہا کہ ائیرپورٹ پر تارکین وطن کشمیریوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے ۔ حیلے بہانے کر کے انہیں تنگ کیا جاتا ہے جس سے تارکین وطن میں سخت مایوسی پائی جاتی ہے ۔

انہوں نے سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی درپیش مسائل پر بات چیت کی ۔ اس موقعہ پر صدیق الفاروق نے کہا کہ ائیرپورٹ عملہ کے ناروا سلوک کی شکایت وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف تک پہنچائی جائیگی اور تارکین وطن کے تحفظات دور کرینگے ۔ راجہ اعجاز دلاور خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے اور قائدین کی قیاد ت میں کارکن متحد و منظم ہیں۔